پی ٹی آئی جلسے سے قبل رہنماؤں کی پکڑ دھکڑ شروع
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بدھ کو مینار پاکستان لاہور پر جلسے کا اعلان کررکھا ہے جبکہ دوسری جانب پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی پکڑ دھکڑ شروع کردی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے مینار پاکستان لاہور میں جلسے کا اعلان کرکے رہنماؤں اور کارکنوں کو بھرپور تیاری کی ہدایت کردی ہے تو دوسری جانب پولیس بھی متحریک ہوگئی ہے۔
لاہور کے علاقے ڈیفنس میں پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شفقت محمود کے گھر چھاپہ مارا ۔ ذرائع کے مطابق شفقت محمود روپوش ہونے کی وجہ سے گرفتاری سے بچ گئے۔
پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما ملک عثمان حمزہ کے گھر پر چھاپہ مارا۔ ملک عثمان حمزہ کا کہنا ہے کہ کارکنان اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں، اپنے قائد عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں، شہباز سرکار عمران خان سے سیاسی طور پر خوفزدہ ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما ملک ظہیر عباس کھوکھر کے گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا لیکن وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔ پولیس کارروائی کے ردعمل میں ملک ظہیرعباس کا کہنا ہے کہ گھروں پر چھاپوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما سلمان شعیب کے گھر پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا اور گھر کا پچھلا دروازہ توڑ دیا۔ پولیس نے میاں سلمان شعیب کے بہنوئی کو گرفتار کر لیا۔
میاں اسلم اقبال کے ڈیرہ پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا ۔ اس کے علاوہ پولیس نے میاں افضل اقبال اور میاں امجد اقبال کے گھر پر بھی چھاپہ مارا۔
رہنما پی ٹی آئی چوہدری عمر طالب کے گھر بھی پولیس پہنچی، ان کے بھائی عميرطالب اور ملازم حافظ سليم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کی جانب سے متحرک رہنماؤں اور کارکنوں کی فہرستیں تھانوں میں پہنچا دی گئیں۔ فہرستوں میں نامزد رہنماؤں اور کارکنوں کی پکڑ دھکڑ بھی شروع ہوگئی ہے۔ پولیس کی جانب سے 84 افراد کے کوائف تھانوں میں مہیا کئے گئے۔ تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر، محمود الرشید، شفقت محمود اور شاہ محمود کے نام بھی شامل ہیں۔
Comments are closed on this story.