Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

وفاقی وزیر داخلہ کا شیریں مزاری کیخلاف کارروائی کا اعلان

عمران خان لوگوں کو بے وقوف نہ بنائیں، وفاقی وزیر داخلہ
اپ ڈیٹ 19 مارچ 2023 11:08pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما شیریں مزاری کے ٹویٹ پر قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ شیریں مزاری کا بیان قابل مذمت اور لا قانونیت کی انتہا ہے ان کے ٹویٹ پر قانونی کارروائی کریں گے، بیان ایف آئی اے کو بھجوا دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پولیس افسران کےخلاف دہشت پھیلانا اور عوام کو اکسانا جرم ہے، ملوث عناصر کےخلاف کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پراپیگنڈہ، جھوٹ، جعلی ویڈیوز پر آپریشن کلین اپ کریں گے، فارن ایجنٹ ریاست کےخلاف کھل کر سامنے آچکے ہیں، انھیں انجام کو پہنچائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما شیریں مزاری نے بذریعہ ٹویٹ اسلام آباد پولیس کو ہدف تنقید بنایا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کے ٹویٹ کے جواب میں اسلام آباد پولیس نے بھی جوابی ٹویٹ میں پولیس افسران کو ہدف تنقید بنانے کی مذمت کی تھی۔

شیریں مزاری کے خلاف قانونی کارروائی کے اعلان سے قبل وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان ڈھٹائی اور بے شرمی کے ساتھ حکومت پر الزامات لگا رہے ہیں، عمران خان قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، وہ گھٹیا الفاظ استعمال کرتے ہیں انھوں نے کبھی اپنے گریبان میں جھا نکا ہے، جھوٹ بول کر اور فریب کرکے عمران خان قانون سے فرارچاہتے ہیں، عمران خان ڈرامہ کرکے اپنے جھوٹ اور فراڈ کو چھپانا چاہتا ہے۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ عمران خان کی بیگم کے خلاف تمام ثبوت سامنے آگئے ہیں، ہرچوری میں ان کی بیگم کا ہاتھ ہے، آپ کو توشہ خانہ اور لوٹ مار کا حساب دینا پڑے گا، اہلیہ کی دوست فرح گوگی لوٹ کا مال لے کرملک سے باہر چلی گئی۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ کوئی ان سے کچھ نہ پوچھے، آپ کیوں نہیں تلاشی لینے دیتے، القادرٹرسٹ کی 7 ارب روپے کی پراپرٹی میں آپ کا نام شامل ہے، چوریوں کا جواب دینے کے بجائے بدمعاشی دکھائی جارہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان نے عدالتی سسٹم کو عاجز اور عدالت کو کمزور ثابت کرنے کی کوشش کی، انھوں نے نے جوڈیشل کمپلیکس میں توڑپھوڑ کی، چیئرمین پی ٹی آئی مسلحہ لوگوں کے جتھوں کے ساتھ جوڈیشل کمپلیکس میں جانا چاہتے تھے، عمران خان زبردستی غنڈہ گردی اور فساد چاہتے تھے، آپ نے کس قانون کے تحت مسلح لوگوں کو گھرمیں رکھا ہوا تھا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور مریم نواز کے خلاف اپنا بغض نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے، مریم نواز عمران کے چہرے کا نقاب اتار رہی ہے، عمران خان کا گند بہت جلد صاف ہوجائے گا، پی ٹی آئی چیئرمین لوگوں کو بے وقوف نہ بنائیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ڈی جی اے این ایف اور شہریار آفریدی کے ذریعے میرے خلاف ہیروئن کا کیس داخل کیا، قوم آپ کو پہچان چکی ہے، جب بھی الیکشن ہوگا قوم ووٹ کی طاقت سے عمران سے نجات لے گی۔

PMLN

imran khan

incident zaman park