Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم اسحاق ڈار کے ایٹمی اثاثوں کے بیان پر وضاحت پیش کریں، شاہ محمود قریشی

قوم جاننا چاہتی ہے حکومت سے آئی ایم ایف نے کیا کیا مطالبہ کیا؟، رہنما پی ٹی آئی
شائع 19 مارچ 2023 04:15pm

پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ایٹمی اثاثوں کے حوالے سے سینیٹ میں کیوں بیان دیا، وزیراعظم اس پر وضاحت پیش کریں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چند روز پہلے اسحاق ڈار نے ایک بیان دیا، جس سے قیاس آرائیوں نے جنم لیا، اور وزارت خزانہ کی ترجمان کو وضاحت کرنا پڑی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزارت خزانہ کی ترجمان کہتی ہیں نیوکلیئر پروگرام کسی ملک کے ساتھ گفتگو کے ایجنڈے پر نہیں، اور کسی بین الاقوامی ادارے میں بھی یہ زیربحث نہیں، سوال یہ ہے کہ اسحاق ڈار نے یہ بیان سینیٹ کے فلور پر کیوں داغا۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اسحاق ڈار حکمران خاندان کے سمدھی ہیں، اس کے علاوہ وہ سینیٹر اور وزیرخزانہ ہیں اور بات ایٹمی اثاثوں کی کررہے ہیں، انہوں نے سینیٹ میں ایسا بیان کیوں دیا، قوم جانناچاہتی ہے کہ حکومت سے آئی ایم ایف نے کیا کیا مطالبہ کیا، کیا وزیرخزانہ سے اس قسم کے بیان کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ ہمارا سسٹم نہ صرف محفوظ ہے بلکہ انٹرنیشنل معیار پر پور اترتاہے، بھارت کے پاکستان کے خلاف جارحانہ عزائم ہیں، ہندوستان میں آر ایس ایس کو سوچ غالب ہے، ہمارا نیوکلیر پروگرام اپنے دفاع کے لیے ہے، اس پروگرام کے بعد کسی کو جارحیت کی جرات نہیں ہوئی، ہم اس پروگرام پر کسی گفتگو کی اجازت نہیں دیں گے، پی ٹی آئی اسٹریٹیجک اثاثوں پر سمجھوتا کبھی نہیں ہونے دے گی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اسحاق ڈار کے اس طرح کے بیان کی وضاحت ضروری ہے، وزیراعظم قوم کو اعتماد میں لیں اور فوری طور پر وضاحت کریں، وزیرخارجہ بلاول کو اس معاملے کی وضاحت کرنی چاہئے تھی لیکن وہ تو پاکستان میں ہوتے ہی نہیں، وہ اپنی دنیا میں گم ہیں۔ رضا ربانی نے بھی اس معاملے پر مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے اورکہا کہ وزیراعظم پالیسی بیان دیں۔

شاہ محمود نے کہا گزشتہ روز ہمارے بہت سے کارکن گرفتار ہوئے، سب نے ہمارے رہنما امجد خان نیازی پر تشدد دیکھا، پولیس نے عمران خان کی رہائشگاہ پر دھاوا بولا، وہاں موجود سامان پر پولیس نے ہاتھ صاف کیا، جب کارکنوں پرلاٹھی چارج ہوگا توکیا وہ پھول پھینکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم مطالبہ کررہی ہیں کہ پی ٹی آئی کو کالعدم قرار دیا جائے، ہم معاملات کو سیدھا کرنا چاہتے ہیں اور یہ کیا چاہتے ہیں، پنجاب پولیس نے توہین عدالت کی ہے، ہم ان کے خلاف قانونی کارروائی کا ارادہ رکھتے ہیں، عمران خان قوم سے خطاب میں تفصیلات بیان کریں گے۔

pti

Ishaq Dar

Shah Mehmood Qureshi

PM Shehbaz Sharif