زمان پارک سے حراست میں لئے گئے 3 طلبا اہل خانہ کے حوالے
زمان پارک لاہور سے گرفتار کئے گئے 3 طالب علم اہل خانہ کے حوالے کردیئے گئے۔
گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کے موقع پر پنجاب پولیس نے زمان پارک میں آپریشن کیا، اور اس دوران 20 سے کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں 3 کم عمر طالب علم بھی تھے، جن کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
’زمان پارک نوگو ایریا بنا ہوا تھا، کلیئر کرانے گئے تھے‘
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ طلبا کو ان کے اہل خانہ کے حوالے کردیا گیا ہے، اور ان کے روشن مستقبل کی خاطر ان کے خلاف قانونی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کارکنان نے آپریشن کے بعد دوبارہ زمان پارک کا کنٹرول سنبھال لیا
ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے بچوں کو والدین کا سہارا بننے کی نصیحت کی، اور دوں طلبا نے تعلیمی سرگرمیوں کی طرف توجہ دینے کا وعدہ کیا، جب کہ بچوں کے والدین نےلاہور پولیس کے اقدام کو سراہا۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ گزشتہ روز آپریشن کے دوران زمان پارک میں موجود جن پی ٹی آئی کارکنان نے ایلیٹ فورس پر حملہ کیا تھا ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ ایلیٹ فورس کی گاڑی پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جو لوگ اس میں ملوث تھے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
Comments are closed on this story.