Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عدلیہ کے علاوہ باقی سب ادارے پی ڈی ایم کے اشاروں پر چل رہے ہیں، شاہ محمود

اب یہ عمران کے خلاف نیا کیس بنائیں گے جس کا مقصد عمران پر دباؤ بڑھانا ہے، نائب چیئرمین پی ٹی آئی
شائع 18 مارچ 2023 06:17pm

نائب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عدلیہ کے علاوہ باقی سب ادارے پی ڈی ایم کے اشاروں پر چل رہے ہیں۔

آج نیوز سے توشہ خانہ کیس پر عمران خان کی اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیشی سے متعلق خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا کہ عمران خان جج صاحب کے حکم کی تعمیل کرکے واپس روانہ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اس کیس میں کوئی جان ہی نہیں، توشہ خانہ سے متعلق نئے حقائق سامنے آئے ہیں، مریم نواز سمیت بہت لوگ توشہ خانہ سے مستفید ہوئے، اب یہ عمران کے خلاف نیا کیس بنائیں گے، کیسز کا مقصد عمران خان پر دباؤ بڑھانا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم نے قانون کو ہاتھ میں لیا اور نہ لیں گے، لاہور ہائی کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے شکر گزار ہیں، پوری قوم کی نظریں عدلیہ پر لگی ہوئی ہیں، البتہ باقی سب ادارے پی ڈی ایم کے اشاروں پر چل رہے ہیں۔

زمان پارک آپریشن پر شاہ محمود نے کہا کہ کرین کے ذریعے عمران خان کے گھر کا گیٹ توڑا گیا، پولیس اہلکاروں نے گھر سے سامان اٹھایا، جیبیں بھریں، پی ٹی آئی کو جتنا دبائیں گے وہ اتنا ہی ابھرے گی۔

pti

Shah Mehmood Qureshi

tosha khana case

zaman park

politics march 18 2023