Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

فواد چوہدری نے ملک گیر احتجاج کی دھمکی دیدی

زمان پارک آپریشن میں عمران خان کی اہلیہ اور بہن کو حراساں کیا گیا، پی ٹی آئی رہنما
شائع 18 مارچ 2023 04:59pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

سابق وفاقی وزیر اور رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فواد چوہدری نے ملک گیر احتجاج کی دھمکی دے دی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں مہنگائی عروج پر ہے لیکن حکومت کی توجہ عمران خان کی گرفتاری پر ہے، مریم نواز کی خواہش پر عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ زمان پارک میں چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا، زمان پارک میں عمران خان کی اہلیہ موجود ہیں، عمران خان کی رہائش گاہ کا گیٹ توڑا گیا اور دیواریں پھیلانگی گئیں۔

نگراں وزیر اطلاعات اور آئی جی پنجاب کی حالیہ پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ آئی جی پنجاب نے پریس کانفرنس میں جھوٹ کاپلندہ کھولا، عمران خان کے گھر پر حملہ لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پولیس کے اعلیٰ حکام کو آج صبح میسج کرکے بتایا کہ آپریشن عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہوگا، زمان پارک آپریشن میں عمران خان کی اہلیہ اور بہن کو حراساں کیا گیا، ایک ایجنڈے کے تحت آپریشن لانچ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہوراوراسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواستوں کو سماعت ہوئی، عمران خان عدالت کے حکم پر آج اسلام آباد پہنچے، شیر گھر سے نکلا تو گیدڑ گھر پر حملہ آور ہوگئے، یہ ایجنڈا کل مریم نواز نے سیٹ کیا تھا جس پر آج عملدرآمد کیا گیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پورا پاکستان اس وقت غزہ اور فلسطین بناہوا ہے، زمان پارک آپریشن پر توہین عدالت کی درخواست دائر کردی ہے جس میں آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور کو نامزد کیا گیا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے احتجاج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے گھر پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، کارکنوں کا دباؤ ہےکہ ملک گیر احتجاج شروع کیا جائے، تحریک انصاف ملک گیر احتجاج کے لئے تیار ہے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ لندن پلان پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، پائن ایپل ڈیڈی،پائن ایپل مریم کواقتدارمیں لانےکاپلان ہے، پاکستان میں جمہوریت، قانون کی بالادستی ختم ہوگئی جب کہ ملک میں فاشزم ہے، یہ ملک بنانا ری پبلک بن گیا ہے۔

شیریں مزاری نے کہا کہ پولیس اہلکار اسلحہ لےکرگھرمیں داخل ہوئے، کیا ریاست اپنے لوگوں کے خلاف جنگ کر رہی ہے، اسحاق ڈار نے نیشنل سکیورٹی کو داؤ پر لگا دیا ہے، کہتے ہیں لانگ رینج میزائل سسٹم بند کردیں، یہ ملک کو تباہ کر رہے ہیں، قوم انہیں معاف نہیں کرے گی۔

پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ عمران خان کے گھر پر حملہ غیر قانونی و غیر آئینی ہے، کہتے ہیں کہ گھر سے اسلحہ اور غلیل برآمد ہوئی ہیں۔

زمان پارک آپریشن پر تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے بھی رد عمل دیا ہے۔

زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ کورٹ کے حکم کے باوجود پولیس کا عمران خان کے گھر پر آنا نہیں بنتا تھا، پولیس نے آج عدلیہ کا فیصلہ روندا ہے۔

مسرت جمشید نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کا گھر بھی ٹوٹے گا، جاتی امراء بھی اب مقدس گائے نہیں رہا، ہم خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔

pti

imran khan

Fawad Chaudhary

zaman park

politics march 18 2023