Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

زمان پارک آپریشن پر عدالت سے رجوع کریں گے، پرویز الہٰی کا اعلان

سب کچھ مریم نواز اور رانا ثناء کے کہنے پر ہورہا ہے، صدر پی ٹی آئی
اپ ڈیٹ 18 مارچ 2023 06:00pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائش گاہ پر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، زمان پارک پر پولیس آپریشن پر توہین عدالت کی کارروائی بنتی ہے۔

زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو میں پرویز الہیٰ نے کہا کہ آئی جی کی سربراہی میں پولیس نے عمران خان کی رہائش گاہ پر حملہ کیا اور توڑ پھوڑ کی، گھر میں عمران خان کی اہلیہ اور بہن موجود تھی، پارٹی چیئرمین کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ نے پولیس سے سرچ وارنٹ مانگے لیکن پولیس نے کارروائی جاری رکھی۔

انھوں نے کہا کہ زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ پر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، پولیس کارروائی کے بعد گھر میں لیڈیز کے کپڑوں سمیت دیگر سامان بکھرا پڑا تھا۔

پرویز الہیٰ نے مزید کہا کہ عمران خان کی رہائش گاہ پر پولیس نےغندہ گردی گی، زمان پارک میں کارکنوں سے ایسا سلوک کیا گیا جیسا فلسطین میں مسلمانوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔

پی ٹی آئی صدر نے کہا کہ سیاسی مخالفین چاہے جو مرضی کرلیں،عدالت نے الیکشن کرانے کا حکم دیا ہے، الیکشن ہوں گے۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے اپنے ٹویٹ میں عمران خان کی رہائش گاہ پر پولیس آپریشن کی مذمت کی۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ عمران خان کی رہائش گاہ پر پولیس آپریشن کی بھرپور مزمت کرتا ہوں، زمان پارک میں عمران خان کے گھر کا گیٹ توڑنا غیر قانونی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زمان پارک میں کارکنان پر شیلنگ اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال انتہائی افسوس ناک ہے، گیٹ توڑ کر گھر میں زبردستی گھس کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے۔

عمران خان کے گھر پر پولیس کارروائی بزدلانہ حملہ ہے، فواد چوہدری

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے گھر پر پولیس کارروائی کو بزدلانہ حملہ قرار دے دیا۔

اپنے ٹویٹ میں فواد چوہدری نے آئی جی پنجاب کی متوقع پریس کانفرنس پر دلچسپ تبصرہ کیا ہے۔

انہوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ متوقع پریس کانفرنس میں کہا جائے گا کہ عمران خان کی رہائش گاہ سے توپ ٹینک کے گولے، اینٹی ائیر کرافٹ، کوکین، چرس اور پیٹرول بم برآمد ہوئے، ٹینک اور توپیں عمران خان ساتھ لے گئے تھے۔

pti

اسلام آباد

imran khan

Chaudhry Pervaiz Elahi

Fawad Chaudhary

politics march 18 2023