Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پشاور کو شکست، لاہور مسلسل دوسری بار پی ایس ایل فائنل میں پہنچ گیا

دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور نے پشاور کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی
اپ ڈیٹ 17 مارچ 2023 11:43pm
فوٹوــ اے ایف پی
فوٹوــ اے ایف پی

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 8 کے دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز پشاور زلمی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی۔

پی ایس ایل 8 کا دوسرا ایلیمنیٹر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا جس میں پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔

جواب میں لاہور قلندرز نے 172 رنز کا ہدف 7 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا۔

لاہور قلندرز کے مرزا طاہربیگ نے 54 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ جبکہ سیم بلنگز بھی 28 رنز بناکر نمایاں رہے۔

زلمی بیٹنگ

پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اسکور بورڈ پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز سجائے۔

زلمی کی جانب سے محمد حارث نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 85 رنز بنائے۔ انھوں نے 2 چھکے اور 11 چوکے لگائے۔

لاہور قلندرز کے خلاف کپتان بابر اعظم کا بلا زیادہ رنز نہ اگل سکا اور صرف 42 رنز تک محدود رہا۔ انھوں نے سات بار بال کو باؤنڈری لائن کے باہر پہنچایا تاہم ان کی اننگ میں ایک بھی چھکا شامل نہیں تھا۔

پشاور کی جانب سے بھنوکا راجا پکسے 25 رنز بناکر نمایاں رہے۔ اس کے لئے زلمی کا کوئی بھی پلیئر ڈبل فگر میں داخل نہیں ہوسکا۔

گزشتہ میچوں میں بہترین بلے بازی کرنے والے اوپنر صائم ایوب اس بار صرف 9 رنز ہی بناسکے۔

لاہور کی جانب سے زمان خان اور راشد خان نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قلندرز بیٹنگ

لاہور قلندرز نے 172 رنز ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو اوپنر فخر زمان 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ انھیں عظمت اللہ عمر زئی نے بولڈ کیا۔

فخر کے جانے کے بعد احسن حفیظ بیٹنگ کے لئے اور 15 رنز بناکر لوٹ گئے۔ وہاب ریاض نے احسن حفیظ کو وکٹ کیپر حسیب اللہ خان کے کیچ کے ذریعے آؤٹ کیا۔

لاہور کی تیسری وکٹ 69 رنز پر اس وقت گری جب عبداللہ شفیق 10 رنز بناکر بابر اعظم کی تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے۔

قلندرز کی وکٹیں ایک جانب وقفے وفقے سے گرتی رہیں لیکن دوسری سائیڈ اوپنر مرزا بیگ چٹان کی طرح وکٹ پر کھڑے رہے۔

مرزا بیگ نے لاہور کی جیت میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے 54 رنز کی شاندار اننگ کھیلی اور میچ کا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

لاہور کے سیم بلنگز 28 اور سکندر رضا 23 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پشاور کے عظمت اللہ اورکزئی نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ویاب ریاض، عامر جمال اور سلمان ارشد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دوسرے ایلیمنیٹر میں شکست کے بعد پشاور زلمی کی پی ایس ایل سے چھٹی ہوگئی جبکہ لاہورقلندرز مسلسل دوسری بار فائنل میں پہنچ گئی۔

ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں ہفتہ کو پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں ٹکرائیں گی۔

Lahore Qalandars

Multan Sultans

PSL8