Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

لیڈر پر حملہ ہوگا تو کارکن خاموش نہیں رہ سکتے،عمران اسماعیل

کراچی اور حیدر آباد اب ایم کیو ایم کے شہر نہیں رہے، سابق گورنر
شائع 17 مارچ 2023 09:53pm
فائل ــ فوٹو
فائل ــ فوٹو

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے مرکزی رہنما اور سابق گورنر عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ زمان پارک میں جو ہوا مریم نواز کی خواہش پر ہوا ہے، عمران خان ہمارے قائد ہیں اور جب لیڈر پر حملہ ہوگا تو کارکن خاموش نہیں رہ سکتے۔

آج نیوز کے پروگرام “ روبرو “ میں بات چیت کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ عمران خان کے گھر پر جو حملہ ہوا اس سے برا تاثر گیا، زمان پارک کو میدان جنگ بنایا گیا، کبھی سابق وزیراعظم کے گھر پرحملہ ہوتے دیکھا ہے۔

عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ لیڈر پر حملہ ہوگا تو کارکن خاموش نہیں رہ سکتے، عمران خان کی حفاظتی ضمانت 18مارچ تک تھی ، یہ سب کچھ مریم نواز کی خواہش پر ہو رہا ہے کیونکہ مریم نواز کہہ چکی ہیں کہ عمران خان کو جیل میں ڈالا جائے تاکہ لیول پلائینگ فیلڈ ملے لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ لوگ عمران خان کی کامیابی سے خوفزدہ ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما اور سابق گورنر سندھ نے ایم کیو ایم پاکستان کے پاور شو کے حوالے سے سوال پر کہا کہ کراچی اور حیدر آباد اب ایم کیو ایم کا شہر نہیں، متحدہ اب پبلک پاور نہیں رکھتی، اب پی ٹی آئی اکثریت رکھتی ہے اور کراچی کی سب سے بڑی جماعت ہے۔

سابق گورنر نے کہا کہ ایم کیوایم کے حامی بھی اب ان کو سپورٹ نہیں کرتے، ایم کیو ایم بتائے مردم شماری میں کیوں تاخیر ہورہی ہے۔ ایم کیو ایم حکومتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کا حصہ ہے، مردم شماری میں اگر تاخیر ہوئی تو پی ڈی ایم کے دور میں ہوئی، متحدہ کی عادت ہے کہ جب حکومت جانے والی ہوتی ہے تو اس طرح کے بیانات دیتےہیں، جس سے کارکنوں کی حمایت حاصل ہوسکے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ مصطفیٰ کمال کہتے تھے خالد مقبول را کے ایجنٹ ہیں اور اب مصطفیٰ کمال نے خالد مقبول کو اپنا قائد مان لیا ہے، ذاتی مفادات کیلئے ان کا مؤقف تبدیل ہوتا رہتا ہے، یہ کراچی کے عوام کو بے وقوف سمجھتے ہیں۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی کے مینڈیٹ کا فیصلہ الیکشن میں ہوگا، یہ الیکشن سے کیوں بھاگ رہے ہیں، مقابلہ گراؤنڈ میں ہوگا تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائےگا۔

pti

MQM Pakistan

ٰImran Khan