Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کورونا کیسز میں اضافہ: پنجاب میں ماسک پہننے کی پابندی لازمی قرار

پُر ہجوم مقامات پرماسک پہنیں، این سی او سی نے نئی ہدایات جاری کردیں
اپ ڈیٹ 17 مارچ 2023 06:30pm
تصویر/ روئٹرز
تصویر/ روئٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کے سر اٹھانے کے بعد پنجاب میں ماسک پہننے کی پابندی لازمی قرار دے دی گئی ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے ہجوم والے مقامات پر ماسک پہننے کی تجویز دی تھی۔

محکمہ صحت پنجاب نے صوبے میں کورونا کیسز میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر ماسک پہننے کی پابندی لازمی قرار دے کر نوٹیفیکشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور سمیت پنجاب میں رش والے مقامات پر ماسک پہننا لازمی ہوگا۔

محکمہ صحت پنجاب نے تمام اسپتالوں میں بھی ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔

این سی او سی کی ہدایات کے بعد محکمہ صحت پنجاب کی گائیڈ لائنز جاری کی گئی ہیں، اس حوالے سے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کو عمل درآمد کروانے کے احکامات دیے گئے۔

اس سے قبل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) نے اپنے ٹوئٹراکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا تھا کہ ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے پیش نظر این سی او سی نے ہدایات جاری کی ہیں۔

اسپتالوں اور دیگر جگہوں میں بھی ماسک پہننے کو لازمی قرار دیا ہے جس پر30 اپریل تک عمل درآمد کرنے کی تجویز دی ہے۔

این آئی ایچ کے مطابق ملک میں کورونا کی شرح 2.70 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ 133مثبت کیسز کی رپورٹ ہوئے ہیں۔

اس سے قبل ہی کراچی کی ایک نجی یونیورسٹی کے عملے اور طلبہ میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی۔

جس کے بعد یونیورسٹی نے اعلامیے میں کہا تھا کہ کورونا دوبارہ پھیل رہا ہے تمام عملہ اورطلبا احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔

COVID 19

coronavirus