علیم ڈار مستعفی، پاکستانی امپائر احسن رضا آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل
پاکستانی امپائر احسن رضا کو آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل کرلیا گیا ہے، وہ علیم ڈار اور اسد رؤف کے بعد اعزاز پانے والے تیسرے پاکستانی امپائر بن گئے۔
پاکستان کے لیجنڈری کرکٹ امپائر علیم ڈار نے 19 سال بعد آئی سی سی ایلیٹ پینل سے استعفیٰ دے دیا۔
آئی سی سی نے علیم ڈار کے مستعفی ہونے کے بعد پاکستانی امپائر احسن رضا کو ایلیٹ پینل میں شامل کر لیا ہے، جس کے بعد وہ علیم ڈار اور اسد رؤف کے بعد اعزاز پانے والے تیسرے پاکستانی امپائر بن گئے۔
پاکستانی امپائر احسن رضا کو سال 24-2023 کے لئے آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ علیم ڈار نے 435 انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے جو کہ ورلڈ ریکارڈ ہے۔ انہوں نے ریکارڈ 144 ٹیسٹ اور 222 ون ڈے جبکہ 69 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز سپروائز کیے ہیں۔
احسن رضا 2010 سے آئی سی سی پینل آف امپائر میں شامل ہیں اور اب انہیں ایلیٹ پینل میں پروموٹ کیا گیا ہے۔
احسن رضا 72 ٹی ٹوئنٹی، 41 ون ڈے اور 7 ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
صوبہ پنجاب کے ضلع جھنگ سے تعلق رکھنے والے علیم ڈار آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل ہونے والے پہلے پاکستانی امپائر تھے، وہ 2004 میں ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل ہوئے تھے۔
انہوں نے 2006 کی چیمپیئنز ٹرافی، 2007 اور 2011 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل کے ساتھ ساتھ 2010 اور 2012 کے ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل میں بھی امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیے۔
54 سالہ علیم ڈار نے 2009، 2010 اور 2011 میں 3 مرتبہ لگاتار آئی سی سی امپائر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔
Comments are closed on this story.