Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

زمان پارک میں پولیس پرپتھراؤ، توڑپھوڑ کرنے والوں کی شناخت کا عمل شروع

700 کارکنوں کے چہروں کی واضح تصاویر حاصل کرلیں، پولیس
شائع 17 مارچ 2023 12:04am
فوٹو ــ روئٹرز
فوٹو ــ روئٹرز

زمان پارک میں پولیس پر حملہ کرنے والے افراد کی شناخت کا عمل تیز کردیا گیا ہے جبکہ تحریک انصاف کے گرفتار کارکنوں کی تعداد 48 ہوگئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے لئے 15 مارچ کو زمان پارک جانے والی پولیس ٹیم اور کارکنان میں تصادم ہوگیا تھا۔ اس دوران کارکنوں نے زمان پارک میں مزاحمت کی تھی، جس کے بعد پُرتشدد واقعات بھی دیکھنے میں آئے۔ تاہم اب پولیس نے زمان پارک میں پولیس پر پتھراؤ کرنے اور توڑپھوڑ میں ملوث افراد کی شناخت کا عمل شروع کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق موبائل، کیمروں، سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزمان کی شناخت کی گئی ہے۔ شناخت ہونے پر مقدمات میں نامزدگی کا عمل شروع کیا جارہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 700 کارکنوں کے چہروں کی واضح تصاویر حاصل کرلی گئی ہیں۔ تصاویر مزید شناخت، کوائف کیلئے نادرا کو بھجوائی جائیں گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مکمل شناخت کے بعد 4 مقدمات میں ملزمان کو نامزد کیا جائے گا۔

زمان پارک کے باہر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم کے بعد گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ تحریک انصاف کے گرفتار کارکنوں کی تعداد 48 ہوگئی ہے۔

پولیس نے 17 کارکنوں کو تھانہ گڑھی شاہو، 7 کو قلعہ گجرسنگھ منتقل کیا جبکہ 20 کارکن بادامی باغ تھانے میں بند ہیں۔

گرفتار کارکنوں کا تعلق لاہور، آزاد کشمیر، وہاڑی، احمدآباد اور شیخوپورہ سے ہے۔

IG Punjab

ٰImran Khan

Zaman Park March 16 2023