Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد کو پی ایس ایل سے باہر کردیا

پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 12 رنز سے شکست دے دی
اپ ڈیٹ 16 مارچ 2023 11:41pm
فوٹو ــ ٹویٹر
فوٹو ــ ٹویٹر
فوٹو ــ ٹویٹر
فوٹو ــ ٹویٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) 8 کے اہم میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 12 رنز سے شکست دے دی۔

پی ایس ایل 8 کے پہلے ایلیمنیٹر میں پشاور نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اسلام آباد کو ایونٹ سے باہر کردیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 183رنز بنائے۔

جواب میں 184 رنز ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 171 رنز ہی بناسکی۔

یونائیٹڈ کے بلے بازوں نے ابتداء میں اچھی بیٹنگ کی۔ ایک وقت میں اسلام آباد کی ٹیم کی میچ پر گرفت مضبوط ہورہی تھی ایسے میں پشاور زلمی کے عامر جمال ٹیم کو میچ میں واپس لائے۔

عامر جمال نے شاندار بلے بازی کرنے والے صہیب مقصود اور الیکس ہیلز کی قیمتی وکٹیں اپنے نام کیں۔ شاندار بالنگ پر عامر جمال کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پشاور زلمی بیٹنگ

زلمی کی جانب سے کپتان بابراعظم ٹاپ اسکورر رہے، انھوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 39 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے۔

جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پشاور زلمی کے اوپنرز بابر اعظم اور صائم ایوب نے 60 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی۔

پشاور کےمحمد حارث 34، صائم ایوب 23، ٹام کوہلر-کیڈمور 16، حسیب اللہ خان 15، عظمت اللہ عمر زئی 10، جیمز نیشم 2 اور عامر جمال 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان 2، محمد وسیم، فہیم اشرف، فضل حق فاروقی اور حسن علی نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ بیٹنگ

پہلے ایلیمنیٹر میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہونے والی یونائیٹڈ کی جانب سے صہیب مقصود نے سب سے زیادہ 60 رنز بنائے لیکن پھر بھی وہ ٹیم کو فتح نہیں دلواسکے۔

اسلام آباد کے الیکس ہیلز نے بھی صہیب مقصود کا بھرپور ساتھ دیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لئے 115 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ الیکس ہیلز نے 37 بالز پر 57 رنز کی اننگ کھیلی۔

پی ایس ایل 8 سے باہر ہونے والی ٹیم کے کپتان شاداب خان 26 اور اوپنر رحمان اللہ گرباز 10 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد کا کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہیں ہوسکا۔

پشاور زلمی کی جانب سے عامر جمال اور سلمان ارشد نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عظمت اللہ اورکزئی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دوسرا ایلیمنیٹر

پہلے ایلیمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو پی ایس ایل 8 سے باہر کرنے والی پشاور زلمی کی ٹیم جمعہ کو دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز سے مقابلہ کرے گی۔ میچ شام 7 بجے شروع ہوگا۔

پی ایس ایل فائنل

پاکستان سپر لیگ 8 کا فائنل ہفتہ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ملتان سلطانز کی ٹیم پہلے ہی فائنل میں جگہ بنا چکی ہے جبکہ جمعہ کو پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان دوسرے ایلیمنیٹر میں جو جیتے گا وہ ملتان سلطانز سے فائنل میں ٹکرائے گا۔

peshawar zalmi

Multan Sultans

PSL 8