Aaj News

جمعہ, نومبر 15, 2024  
12 Jumada Al-Awwal 1446  

چمن میں انٹیلی جنس آپریشن، بڑی تعداد میں گولہ بارود برآمد

دہشت گرد آپریشن سے پہلے ہی فرار ہونے میں کامیاب ہوچکے تھے۔
شائع 16 مارچ 2023 10:06pm

بلوچستان کے علاقہ چمن میں بوگھرا روڈ پر دہشت گردوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ یہ آپریشن چمن کے علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور شہریوں پر حالیہ فائرنگ کے واقعات کے ذمہ داروں کے خلاف تھا۔

مذکورہ دہشت گرد دیسی ساختہ بارودی مواد نصب کرنے کی سرگرمیوں میں بھی ملوث تھے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ مسلسل تکنیکی نگرانی اور علاقے پر کڑی نظر رکھنے کے نتیجے میں دہشت گردوں کی لوکیشن شناخت کی گئی اور انسداد دہشتگردی کے ادارے (سی ٹی ڈی) کے ساتھ سیکیورٹی فورسز کو بھی شامل کیا گیا۔

دہشت گرد پہلے ہی فرار ہوچکے تھے، تاہم اسلحے اور گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ، بشمول راکٹ، دیسی ساختہ بم اور دیگر لوازمات برآمد کیے گئے ہیں۔

اسلحے کی اس بازیابی سے کوئٹہ جیسے کچھ شہری علاقوں میں دہشت گردی کی واضح سرگرمیوں کو روکنے میں مدد ملے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاک فوج قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

ISPR

IBO

Chaman