Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بجلی کی قیمت میں سرچارج کی مد میں مزید اضافے کا امکان

نیپرا اتھارٹی کا وزارت توانائی کی ٹیرف میں اضافےکی درخواست پر برہمی کااظہار
اپ ڈیٹ 16 مارچ 2023 01:17pm

سرچارج کی مد میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ایک روپے 80 پیسے مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

بجلی صارفین کیلئے ایک اور بری خبر اۤگئی ہے۔ حکومت نے عوام کو بجلی کا ایک اور جھٹکا دینے کی تیاریاں شروع کردی ہیں، اور امکان ہے کہ سرچارج کی مد میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں مزید 1 روپے 80 پیسے کا اضافہ ہوجائے گا۔

بجلی 3 روپے 39 پیسے فی یونٹ مہنگی، نیپرا کی منظوری

وفاقی حکومت کی جانب سے نیپرا میں درخواست دائر کردی گئی ہے، جس میں بجلی سرچارج میں مزید ایک روپے 80 پیسے اضافے کی استدعا کی گئی ہے، اور منظوری کی صورت میں اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔

آئی ایم ایف قرض کیلئے بجلی بلوں پر بھاری سرچارج لگانے کی منظوری

رواں ماہ ہی 6 مارچ کو نیپرا حکومت کی درخواست پر سرچارج کی مد میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 3 روپے 39 پیسے اضافے کی جون تک منظوری دے چکا ہے۔

چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیر صدارت سرچارج میں اضافے کے لیے وفاقی حکومت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

پاور ڈویژن حکام نے اتھارٹی کو بتایا کہ ایک روپے 43 پیسے فی یونٹ سرچارج سے مالی ضرورت پوری نہیں ہوسکتیں، سرچارج میں مزید ایک روپے 80 پیسے اضافہ کرکے 3 روپے 23 پیسے فی یونٹ تک بڑھانے کی درخواست کی گئی ہے۔

ٹیرف میں اضافے کی درخواست پر نیپرا نے وزارت توانائی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ 10 روز کے اندر دوسری مرتبہ سرچارج میں اضافے کی نوبت کیوں آئی، گردشی قرض اورسود کی مد میں صارفین پربوجھ کیوں ڈالا جارہا ہے۔

نیپرا اتھارٹی نے کہا کہ آئی پی پیز کی ادائیگیاں صارفین سے وصول کی جارہی ہیں، کابینہ سے منظوری لے کر اتھارٹی کے پاس آنے کی ضرورت کیوں پیش آئی، حکومت کو اگلے سال کیلئے سرچارج بڑھانے کی کیا جلدی ہے۔

نیپرا نے استفسار کیا کہ بجلی کمپنیوں کی نااہلی کے خاتمے کیلئے حکومت کا کیا پلان ہے، دنیا میں ایسا کون سا کاروبار ہے جس کی ریکوری 40 فیصد ہے۔

چئیر مین نیپرا نے رہمارکس دئیے کہ عوام کو کوئی سکون کا سانس لینے دیں، کابینہ سے منظوری لیتے ہیں اور ہمارے پاس آ جاتے ہیں، صارفین پر اتنا مت بوجھ ڈالیں۔

پاور ڈویژن کے حکام نے کہا کہ گردشی قرض تیزی سے بڑھ رہا ہے، یہ سرچارج لگا کر بھی گردشی قرض میں کمی نہیں آئے گی۔ جس پر ممبر نیپرا سندھ رفیق شیخ نے پاور ڈویژن حکام کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ ڈسکوز کی ناقص کارکردگی کی سزا عوام کو کیوں ملے، عوام کو بوجھ تلے دبا دیا، بجلی کمپنیوں کی خرابیوں کو دور کریں، ہم صارفین کے حقوق کے بھی محافظ ہیں۔

نیپرا اتھارٹی نے صارفین پر 335 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی درخواست کی سماعت مکمل کر لی، نیپرا اتھارٹی اعداد وشمار کا جائزہ لے کر فیصلہ جاری کرے گی۔ منظوری کی صورت میں اطلاق کے الیکڑک کے صارفین پر بھی ہوگا۔

WAPDA

electrical bill