Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

زمان پارک میں آپریشن روکنے کا حکم کل تک برقرار رہے گا، لاہور ہائیکورٹ

عدالت نے نے پولیس اور پی ٹی آئی کو مل بیٹھ کر حل نکالنے کا حکم دیدیا
اپ ڈیٹ 16 مارچ 2023 01:30pm

لاہور ہائیکورٹ نے پولیس اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ساتھ بیٹھنے کی ہدایت کرتے ہوئے پی ٹی آئی مینار پاکستان پراتوار کو جلسہ کرنے سے روک دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے زمان پارک لاہور میں پولیس تشدد کے خلاف درخواست پر سماعت کی ۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایشو وارنٹ کا ہے، آپ کبھی یہاں کبھی اسلام آباد ہائیکورٹ چلے جاتے ہیں، دونوں پارٹیوں نے مسئلہ بنایا ہوا ہے، آپ قانون پڑھیں تمام مسائل کا حل موجود ہے، آپ نے پوری قوم کو مصیبت ڈالی ہوئی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد کی 4 عدالتوں میں عمران خان پیش ہوئے، پانچویں عدالت پیش ہونے میں کیا پریشانی تھی، ایف ایٹ میں ان پر حملے کی اطلاعات تھیں، عدالت کو اس سے آگاہ کیا اور بتایاکہ ویڈیو لنک پر لے لیں۔

مزید پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ کا پولیس کو آج صبح 10 بجے تک زمان پارک آپریشن روکنے کا حکم

عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیا قانون میں عدالت کا سیکیورٹی دینا موجود ہے، سیکیورٹی دینا آئی جی پنجاب کا کام ہے، آپ کو پالیسی کی نقل مہیا کرتے ہیں، پڑھ کر اس پر عملدرآمد کریں، لاہور میں پی ایس ایل چل رہا ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور انتظامیہ مصروف ہیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ کوئی نو گو ایریا بن جائے، 4 ہزار 200 بغیر ہتھیار کے فورس لگائی، آگے سے پیٹرول بم پھینکے گئے، سیکیورٹی دینا میری ذمہ داری ہے، آج ہی بیٹھ کر مسئلے پر بات کرلیتے ہیں۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ عدالت کے وارنٹ گرفتاری ابھی تک موجود ہیں۔

عدالت نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اتوار کا جلسہ ایک دن آگے پیچھے کرلیں، آپ خود فیصلہ کریں ورنہ عدالت حکم سنائے گی۔

جسٹس طارق سلیم نے کہا کہ ’اگر پی ٹی آئی اتوار کو ریلی یا جلسہ نہیں روکتی تو میں حکم نامہ جاری کردوں گا۔‘ عدالت نے کہا کہ ’آپ کو اندازہ نہیں گزشتہ چند ماہ سے اس قوم کی کتنی بے عزتی ہوئی ہے۔

آئی جی پنجاب نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی طرف سے پولیس پر حملے کی تیاری کی تصاویر عدالت میں پیش کردیں اور کہا کہ جتنی ہماری بے عزتی ہوئی ہے وہی کافی ہے۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے آئی جی پنجاب سمیت پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو بیٹھ کر معاملات کلئیر کرنے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے کہا کہ عمران خان کی سکیورٹی کا مسئلہ اور دفعہ 144 کا معاملہ بیٹھ کر حل کریں۔

ایڈوکیٹ جنرل پنجاب شان گل نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ آیا گیا ہے۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ ’میں نے وارنٹ کے معاملے کو نہیں چھیڑا ہے۔‘

لاہور ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے وارنٹس پر عملدرآمد نہیں روکا۔

عدالت نے آئی جی پنجاب اور تحریک انصاف کو آپس میں باہمی مشاورت کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کہا کہ آپ لوگوں نے جو بھی ریلی نکالنی ہو اس کا 15 دن پہلے پلان دیں ۔

عدالت نے ریمارکس دیے ’کوئی شادی بھی کرتا ہے تو پہلے پلان کرتا ہے، خدارا سسٹم کو چلنے دیں۔‘

جسٹس طارق سلیم شیخ نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا جس میں کہا ‏زمان پارک میں آپریشن روکنے کا حکم کل تک برقرار رہے گا، ‏فریقین وکلا کی استدعا پر سماعت کل تک ملتوی کی جاتی ہے۔

pti

imran khan

Lahore High Court

Imran Khan Arrest

zaman park

Zaman Park March 16 2023