Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

گلگت سےزمان پارک آنے والوں کی وزیرداخلہ کوسنگین دھمکی، ویڈیو وائرل

خیبرپختون خوا سے تربیت یافتہ مجاہد زمان پارک پہنچ رہے ہیں، صحافی ملیحہ ہاشمی کا دعویٰ
شائع 16 مارچ 2023 10:50am

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری روکنے کے لئے پی ٹی آئی کارکنان کے قافلے زمان پارک پہنچ رہے ہیں۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کررکھے ہیں، اوراسلام آباد پولیس چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے لیے لاہور میں موجود ہے۔

14 مارچ کو دوپہر سے اسلام آباد پولیس پنجاب پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کے ہمراہ عمران خان کی گرفتاری کے لئے کوشاں ہے، تاہم اسے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

گزشہ روز لاہور ہائی کورٹ نے پولیس کو زمان پارک آپریشن روکنے کا حکم دیا تھا، تاہم کسی بھی ممکنہ فیصلے کے پیش نظر پی ٹی آئی کارکنان اپنے لیڈر کی حفاظت کے لئے زمان پارک چھوڑنے کو تیار نہیں۔

ایسی صورتحال میں عمران خان سے اظیار یکجہتی کیلئے نجاب کے مختلف اضلاع کے علاوہ خیبرپختونخوا و گلگت بلتستان سے بھی کارکنان جوق در جوق قافلوں کی صورت میں زمان پارک پہنچ رہے ہیں۔

معروف صحافی ملیحہ ہاشمی نے تو اپنی ٹویٹ میں باقاعدہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خبردار کرتے ہوئے دھمکی دی کہ آج عمران خان کی سیکیورٹی ٹیم کی تیاری 200 گنا زیادہ ہے۔

ملیحہ ہاشمی نے دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخواہ سے تربیت یافتہ مجاہد زمان پارک پہنچ گئے ہیں، اگر آج پولیس اور رینجرز نے لاقانونیت دکھائی تو بہت نقصان اٹھائیں گے۔

انہوں نے سیکیورٹی اداروں سے بھی کہا کہ ملک کےمحافظ رہیں گے تو عزت ملےگی، دہشت گرد بنیں گے تو ویسا ہی جواب ملے گا۔

دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں گلگت سے تعلق رکھنے والا نوجوان مسافر کوچ میں بیٹھا کہہ رہا ہے کہ پنجاب کے دوستوں نے عمران خان کی حفاظت میں ہر قربانی دی، اب گلگت کے کارکنان زمان پارک پہنچ رہے ہیں۔

نوجوان دھمکی دیتے ہوئے ویڈیو میں کہہ رہا ہے کہ گلگت کے برفانی چیتے زمان پارک پہنچ رہے ہیں، اور وزیرداخلہ رانا ثنااللہ اور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی کھال اتار کر اس کا ڈھول بنا کر بجائیں گے۔

pti

zaman park

Political March 16 2023

Zaman Park March 16 2023