Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

حیدر آباد میں لڑکی کو چھری کے وارسے قتل کردیا گیا، ملزم گرفتار

گھرسے شاپنگ کا کہہ کرجانے والی لڑکی لاپتہ ہوگئی تھی
اپ ڈیٹ 14 مارچ 2023 02:03pm

گلستان سرمست روڈ پر 16 سالہ لڑکی کو چھری کے پے در پے وار کرکے قتل کردیا گیا۔

حیدرآباد میں گزشتہ رات تھانہ ایئرپورٹ کی حدود گلستان سرمست روڈ سے شدید زخمی حالت میں ایک لڑکی خون میں لت پت حالت میں پائی گئی، جو جان کی بازی ہار گئی۔

ایئرپورٹ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کے چہرے پر تیز دھار آلے سے وار کیے گئے تھے، اسے شدید زخمی حالت میں بھٹائی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ دم توڑ گئی۔

حکام نے بتایا کہ لڑکی کی شناخت 16 سالہ اقرا خادم مشوری کے طور ہوئی ہے، جو اولڈ وحدت کالونی کی رہائشی تھی، اور قاسم آباد کے مقامی سینٹرسے بیوٹیشن کا کورس کررہی تھی، لڑکی گھر سے شاپنگ کرنے کا کہہ کر نکلی تھی اور لاپتہ ہوگئی تھی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ دو بھائیوں کی اکلوتی بہن تھی، اور اس کے والد پیشے کے لحاظ سے ٹیکسی ڈرائیورہے۔

دوسری جانب پولیس نے قتل میں ملوث نوجوان کو گرفتارکرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے بتایا کہ لڑکی کو قتل والے ملزم غیورعباس کلیار کو وحدت کالونی کے علاقے سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

لڑکی کے قتل کا مقدمہ مقتولہ کے چچا کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے، جس میں قتل اور زیادتی کی کوشش کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

Target Killing

child dead body

girl missing