Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

طاقت کے ایوان پی ٹی آئی کی سیاسی قوت اور عوامی تائید سے لرز رہے ہیں، عمران خان

مجرموں کا گروہ اور ان کے سرپرست ہم سے خوفزدہ ہیں، عمران خان
شائع 14 مارچ 2023 10:27am

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ طاقت کے ایوان تحریک انصاف (PTI) کی سیاسی قوت اور عوامی تائید سے لرز رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے گزشتہ روز لاہور زمان پارک سے داتا دربار تک ریلی میں شرکت کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام افراد 7 گھنٹوں تک ریلی کے ساتھ پیدل چلتے رہے، جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے کہ مجرموں کا گروہ اور ان کے سرپرست ہم سے خوفزدہ ہیں، اور بار بار سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ مجرموں کے سرپرست 8 مارچ کو ہمارے کارکنان پر پُرتشدد حملہ کرتے اور ظلِّ شاہ کے دورانِ حراست قتل کے مرتکب ہوئے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ فسطائیت جبر کی نئی حدوں کو چھو رہی ہے، اور طاقت کے ایوان تحریک انصاف (PTI) کی سیاسی قوت اور عوام کی ملنے والی تائید سے لرز رہے ہیں، اسی لئے سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہ دینے یا ہماری ریلی کی راہ میں روڑے اٹکانے کے علاوہ ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کئے جارہے ہیں تاکہ ہمیں عدالتوں میں مصروف رکھ سکیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ہمیں کوریجز سے محروم کرنے کیلئے میڈیا ہاؤسز پر دباؤ ڈالا جاتا ہے، اور اگر کوئی چینل ہمیں کوریج دیتا ہے تو اس پر حملہ کر دیا جاتا ہے، لیکن اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، لاہور اپنا فیصلہ سنا چکا ہے، جس کا واضح ثبوت ہے کہ لوگ سارا دن بڑی تعداد میں نکلتے رہے اور 7 گھنٹے ہماری ریلی میں پیدل چلتے رہے۔

pti

imran khan

pti rally