Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پناہ گزین کیمپ سے آسکر تک کا سفر کرنے والے نے پاکستانیوں کو رُلا دیا

اداکار کی جذباتی تقریر پاکستانی فنکاروں کے دل بھی جیت لیے
شائع 14 مارچ 2023 12:18am

فلم ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس کی بدولت وہ 38 سال بعد بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ جیتنے والے کی ہوئے کوان دوسرے ایشیائی شخص بن گئے ہیں۔

اداکار کی ہوئے کوان نے اس فلم میں ایولین کا مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ مچل یوہ کے شوہر کا کردار ادا کیا تھا جو بہترین اداکارہ کے آسکر ایوارڈ جیتنے والی پہلی ایشیائی خاتون بنی۔

ایوارڈ لیتے ہوئے کی ہوئے کوان نے کہا کہ ’میری والدہ 84 سال کی ہیں اور وہ گھر پر شو دیکھ رہی ہیں، مام میں نے آسکر جیت لیا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میرے سفر کا آغاز ایک کشتی سے ہوا، میں ایک سال تک پناہ گزین کیمپ میں رہا اور کسی طرح ہالی وڈ کے سب سے بڑے اسٹیج تک پہنچ گیا، لوگ کہتے ہیں کہ اس طرح کی کہانیاں صرف فلموں میں ہوتی ہیں، مجھے یقین نہیں آتا کہ ایسا میرے ساتھ ہوا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ فلمی دنیا کے لیے اپنے خوابوں سے لگ بھگ دستبردار ہو چکے تھے، انہوں نے کہا کہ اپنے خوابوں کو زندہ رکھیں، ایسے خواب جن پر آپ کو یقین ہو۔

کی ہوئے کوان جذباتی تقریر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو پاکستانی فنکاروں سمیت دیگر صارفین نے ردعمل کا اظہار کیا۔

اداکارہ سجل علی اور اداکار فہد مصطفی نے کی ہوئے کوان کی ویڈیو کو انسٹااسٹوری پر شیئر کیا ۔

کی ہوئے کوان کون ہیں ؟

ویتنام میں پیدا ہونےو الے چینی نژاد کی ہوئے کوان کا خاندان 1978 میں وہاں سے فرار ہوا تھا۔

اپنے والد اور 5 بہن بھائیوں کے ساتھ وہ ہانگ کانگ کے پناہ گزین کیمپ میں مقیم رہے جبکہ ان کی والدہ اور دیگر 3 بہن بھائی ملائیشیا میں رہ گئے تھے بعدازاں یہ خاندان 1979 میں امریکا میں پھر اکٹھا ہوا۔

کی ہوئے کوان کے فلمی کیرئیر کا آغاز 1984 میں فلم انڈیانا جونز اینڈ دی ٹمپل آف ڈوم سے ہوا جس کے بعد 1990 کی دہائی میں کئی فلموں میں کام کیا۔

مگر 2000 کے بعد سے انہیں امریکا میں فلمی کردار ملنا بند ہوگئے اور اس دوران انہوں نے فلم پروگرام کی ڈگری حاصل کی۔

سال 2018 کی فلم کریزی رچ ایشینز سے ان میں اداکاری کی دنیا میں واپسی کی حوصلہ افزائی ہوئی ۔

Fahad Mustafa

sajal aly

Ke Huy Quan