Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

توہین الیکشن کمیشن : عمران خان اور فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری معطل

الیکشن کمیشن کو قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھنے کا حکم
اپ ڈیٹ 13 مارچ 2023 03:24pm

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی نے سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر فواد چوہدری کے 14 مارچ کے لئے جاری وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں جسٹس صداقت علی خان ، جسٹس مرزا وقاص رؤف اور جسٹس چوہدری عبدالعزیز پر مشتمل بینچ نے توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے عمران خان اور فواد چوہدری کے 14 مارچ کے لئے جاری وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔

لارجر بینچ نے توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی سے متعلق عمران خان اور فواد چوہدری کی درخواستیں زائد المیعاد قرار دے کر خارج کر دیں۔

درخواست گزاروں کی جانب سے پٹیشنیں واپس لینے پر بنچ نے پٹیشن نمٹا دیں۔

عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کاروائی جاری رکھے، الیکشن کمیشن میرٹ پر فیصلہ کرے، عدالت مداخلت نہیں کرے گی۔

عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق بھی انکوائری چیلنج کرنے کی صورت میں درخواست گزار کو عبوری ریلیف نہیں دیا جاسکتا،درخواست گزار کے پٹیشن واپس لینے کی صورت میں عدالت الیکشن کمیشن کو ڈائریکشن جاری کرسکتی ہے۔

توہین الیکشن کمیشن کیس میں الیکشن کمیشن نے 7 مارچ کو عمران خان اور فواد چوہدری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔

عمران خان کی تقاریر دکھانے پر پابندی کے خلاف درخواست

اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تقاریر دکھانے پر پابندی کیخلاف درخواست پر سماعت چیف جسٹس امیر بھٹی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ آزادی اظہار کی ضمانت آئین دیتا ہے، عمران خان کے اس بنیادی حق کو سلب نہیں کیا جا سکتا، ان کی تقاریر اور بیانات کو نشر کرنے کی پابندی کو کالعدم قرار دیا جائے۔

عدالت نے وکلا کو پیمرا کے دائرہ اختیار پر دلائل دینے کی ہدایت کی۔ پیمرا کے وکیل نے کہا کہ پیمرا کا دائرہ اختیار ملک بھر میں ہے۔ عمران خان کے وکیل نے کہا کہ پیمرا کے کسی اقدام کیخلاف کسی بھی عدالت سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔

عدالت نے عمران خان کی تقاریر دکھانے پر پابندی کیخلاف حکم امتناعی میں توسیع کرتے ہوئے پیمرا کو جواب داخل کرانے کی ہدایت کردی۔ اور کیس کی مزید سماعت 20 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔

pti

imran khan

Lahore High Court

Fawad Chaudhary