Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

حکومت تصادم کی آڑ میں انتخابات سے فرار چاہتی ہے، شاہ محمود قریشی

یوں لگ رہا ہے کہ پاکستان میں نازیوں کی حکومت ہے، فواد چوہدری
اپ ڈیٹ 12 مارچ 2023 03:31pm

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ حکومت تصادم کی آڑ میں انتخابات سے فرار چاہتی ہے۔

زمان پارک کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت دفعہ 144 کا نفاذ کر رہی ہے، اور یہ صرف پی ٹی آئی کیلئے ہے، مریم نواز کنونشن کر رہی ہیں مگر وہاں دفعہ 144 لاگو نہیں، اس حوالے سے سینئر لیڈر شپ سے مشاورت کی ہے، ہم اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی اختیارکریں گے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج الیکشن کیلئے درخواستیں جمع ہونی ہیں، کاغذات نامزدگی جمع ہوں تو امیدوار کے ساتھ کچھ لوگ جاتے ہیں، لیکن ہمارے ساتھ امتیازی سلوک بڑھتا جا رہا ہے، ہماری زمان پارک سے داتا دربار تک ریلی میں رکاوٹ ڈالی گئی، زمان پارک کے راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیئے گئے، اور پورے گھر کو گھیرے میں لیا ہوا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ 8 مارچ کو جو کچھ ہوا وہ سب نے دیکھا، ہم نے صبر کا مظاہرہ کیا، ظل شاہ کو شہید کر دیا گیا اس کے باوجود ہم پرامن رہے، آج پھر زمان پارک پر کنٹینر، واٹرکینن اور رینجرز کو بلایا گیا، یہ چاہتے ہیں ہم مشتعل ہوں، اور خون خرابہ ہو، جب کہ ہم انتخابات چاہتے ہیں، ہم نے ان کی چال میں نہیں پھنسنا۔

شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آج کی ریلی کل تک مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کل ہم زمان پارک سے داتا دربار تک ریلی نکالیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی کا حکم ہے ہم نے پُر امن رہنا ہے، مختلف شہروں سے جو قافلے آ رہے ہیں وہ اپنا سفرجاری رکھیں۔

شاہ محمود اور فواد چوہدری کی میڈیا سے گفتگو

اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ کے باہر فواد چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت تصادم کی آڑ میں انتخابات سے فرار چاہتی ہے، ہماری ریلی سے پہلے دفعہ 144 لگا دی گئی اور رینجرز کوبھی تعینات کردیا گیا، ہمارا مؤقف ہے کہ یہ کارروائی بلا جواز ہے، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور چیلنج کرنے کا ادارہ رکھتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج صبح پی ٹی آئی کی جانب سے دفعہ 144 کے خلاف پٹیشن دائرکردی گئی ہے، لاہور ہائی کورٹ میں اس کارروائی کیخلاف پٹیشن دائر کی جائے گی، رجسٹرار آفس کا انتظار ہے، ان کے آنے کے بعد پٹیشن دائر کر دی جائے گی۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ہماری ریلی کا روٹ کا پی ایس ایل سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں، پی ایس ایل میچ قذافی اسٹیڈیم میں شام 7 بجے ہے، ہماری ریلی 2 بجےروانہ ہوگی اور میچ شروع ہونے سے پہلےختم ہو جائے گی۔

سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ پی ٹی آئی کو ہر طرح سے پریشان کرنا چاہتے ہیں، ہمارا مقصد الیکشن کا حصول ہے، پی ٹی آئی سمجھتی ہے طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔

فواد چوہدری

پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کراچی میں سندھ اسمبلی رکن ارسلان تاج کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں، یوں لگ رہا ہےکہ پاکستان میں نازیوں کی حکومت ہے، پاکستان میں اس وقت آئین اور قانون خطرے میں ہے۔

فواد چوہدری لاہور میں ایک طرف مسلم لیگ ن کا ورکرز کنونشن ہورہا ہے، اور ہمیں الیکشن شیڈول کے بعد بھی روکا جا رہا ہے، سیاسی نقل و حرکت پر پابندی ہے تو الیکشن کیسے کرائیں گے، پہلے ظل شاہ کو شہید کیا گیا اب پھر وہی صورتحال بنائی جارہی ہے۔

pti

Shah Mehmood Qureshi

Fawad Chaudhary