Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Akhirah 1446  

حکومت اتنا ظلم کرے جتنا کل سہہ بھی سکے، شیخ رشید

علی بلال کی موت ن لیگ کی سیاست دفن کر دے گی، سابق وزیرداخلہ
شائع 12 مارچ 2023 11:22am

سابق وزیرداخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکومت اتنا ظلم کرے جتنا کل سہہ بھی سکے، علی بلال کی موت ن لیگ کی سیاست دفن کر دے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کہنا تھا کہ سعودی عرب معافی مانگ کر بھاگنے اور لندن میں 4 سال ہاؤس ریسٹ رہنے سے پاکستان میں اصولوں کے لیے جیل جانا قابل فخر ہے، نوازشریف 15 دن تو کیا رمضان میں بھی پاکستان نہیں آئیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف (IMF) سے تو معاہدہ دور کی بات ہے، ابھی دوست ممالک سے خیرات اور زکوۃ بھی نہیں ملی، امریکا کی تنہائی اور چین کی کامیابی خطے میں بڑی خبر ہے۔

سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ یہ لوگ رات کو ڈراؤنا خواب دیکھتے ہیں اور صبح دفعہ 144 لگا دیتے ہیں، آج اگر لاہور میں پھڈا ہوا تو لوگ پھٹ پڑیں گے، علی بلال (ظل شاہ) درویش آدمی تھا، اس کی موت ن لیگ کی سیاست دفن کر دے گی، حکومت اتنا ظلم کرے جتنا کل سہہ بھی سکے۔

شیخ رشید کہنا تھا کہ آئی جی پنجاب اور نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی کی پریس کانفرنس جھوٹ کا پلندہ ہے، پہلے عمران خان کو قاتل کہا پھر علی بلال کے ایکیسڈنٹ کا بیانہ بنایا، پولیس ہمدردیاں تبدیل کرتے ہوئےعدت کے دن بھی پورے نہیں کرتی۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم پھٹ چکی ہے، یہ انتخاب میں نہیں احتساب میں جائےگی، نانی (مریم نواز) اور بلورانی (بلاول بھٹو) کہتی ہے کہ میچ اُس وقت کھیلیں گے جب پلیئر اور امپائراُن کے ہوں گے، فیصل آباد میں نانی کے لیے 30 گاڑیوں کا پروٹوکول اور امریکا میں بلو رانی کی شاہ خرچیاں بچت اسکیم کا حصہ ہیں۔

Sheikh Rasheed

Sheikh Rasheed Ahmed