Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

افغانستان میں صحافیوں کی تقریب میں دھماکا، ایک ہلاک 8 زخمی

زخمیوں میں پانچ صحافی اور تین بچے شامل ہیں، ترجمان طالبان
شائع 11 مارچ 2023 07:57pm

ہفتے کے روز شمالی افغانستان میں صحافیوں کے لیے منعقدہ تقریب کے دوران ایک ثقافتی مرکز پر ہونے والے دھماکے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔

حکام اور صحافیوں کے مطابق یہ حملہ صوبہ بلخ کے ایک دھماکے میں ہلاکت کے بعد ہونے والا دوسرا حملہ ہے، گورنر بلخ پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

طالبان انتظامیہ کی وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالنافی ٹکور نے بتایا کہ “ آج صبح 11:30 بجے صوبہ بلخ کے دوسرے پولیس ضلع مزار شریف میں واقع تبیان ثقافتی مرکز میں دھماکہ ہوا، دھماکہ بارودی سرنگ کی وجہ سے ہوا۔“

ٹکور نے مزید کہا کہ زخمیوں میں پانچ صحافی اور تین بچے شامل ہیں اور ایک سکیورٹی گارڈ ہلاک ہوا ہے۔

فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ دھماکے کے پیچھے کس کا ہاتھ تھا۔

دھماکے میں زخمی ہونے والے بلخ کے صحافی سجاد موسوی نے کہا کہ صحافیوں کا دن منانے کے لیے منعقدہ تقریب کے دوران مرکز میں دھماکا ہوا۔

طالبان حکام پہلے ہی اُس دھماکے کی تحقیقات کر رہے ہیں جس میں جمعرات کو صوبائی گورنر مولوی محمد داؤد مزمل اور دو دیگر افراد ہلاک ہوئے تھے، یہ دھماکا ان کے دفتر میں ہوا تھا۔

طالبان ترجمان حاجی زید نے رائٹرز کو بتایا کہ جب تک سپریم روحانی رہنما ہیبت اللہ اخوندزادہ شمالی صوبے کے لیے نئے گورنر کا انتخاب نہیں کرتے افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار کے گورنر عارضی طور پر بلخ کو چلائیں گے، جو وسطی ایشیا کے ساتھ جڑا ایک اہم تجارتی مرکز ہے۔

afghanistan

Blast

journalist event