Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

لیجنڈز لیگ: بھارتی میڈیا شاہد آفریدی کے اقدام کو سراہنے پر مجبور

شاہد آفریدی اور گوتم گمبھیر کی مصافحہ کرتی ہوئی تصویر وائرل
شائع 11 مارچ 2023 01:24pm
فوٹو۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا
فوٹو۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا

قطر میں لیجنڈز لیگ کرکٹ (ایل ایل سی) کا آغاز ہوگیا جس میں پاکستان اور بھارت سمیت دیگر ملکوں کی ٹیموں کے ریٹائرڈ کھلاڑی شریک ہیں۔

گزشتہ روز دوحہ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ایشیا لائنز اور انڈیا مہاراجاز کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوا۔

ایشیا لائنز کی قیادت شاہد آفریدی جبکہ انڈیا مہاراجاز کی قیادت گوتم گمبھیر نے کی۔

میچ کے دوران دونوں کپتانوں آفریدی اور گمبھیر کی مصافحہ کرتی ہوئی تصویر وائرل ہوئی، تصویر میں گوتم نیچے جبکہ شاہد آفریدی ان کی جانب دیکھ رہے تھے۔

یہ تصویر ٹاس کے وقت سامنے آئی جب آفریدی نے ٹاس جیتنے کے بعد گمبھیر سے ہاتھ ملایا اور بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

یہ میچ ایشیا لائنز نے 9 رنز سے جیتا اور اس میچ میں مصباح الحق کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

ایک موقع پر میچ میں جب انڈیا مہاراجا کے کپتان گوتم گمبھیر بیٹنگ کررہے تھے تو عبدالرزاق کی گیند ان کے ہیلمٹ پر لگی۔

اس دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے ایشیا لائنز کے کپتان شاہد آفریدی بھارتی بیٹر کی خیریت پوچھنے پہنچ گئے۔

شاہد آفریدی کا یہ انداز مداحوں کو بہت پسند آیا اور لوگوں نے انٹرنیٹ پر اس کی ویڈیوز بھی شیئر کرنا شروع کردیں۔

اس حوالے سے بھارت کی مشہور ویب سائٹ نے بھی شاہد آفریدی کے لئے اچھے الفاظ استعمال کیے۔

بھارتی ویب سائٹ نے لکھا کہ جمعے کو میدان میں شاہد آفریدی نے گوتم گمبھیر کی خیریت پوچھی، ان کے انداز نے دل جیت لیے۔

خیال رہے کہ 2007 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے ایک روزہ میچ میں گوتم گمبھیر اور شاہد آفریدی کے درمیان اسٹیڈیم میں تلخ کلامی ہوئی تھی۔

دوحا کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شاہد آفریدی کی ایشیا لائنز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔

ایشیا لائنز کی جانب سے مصباح الحق نے 50 گیندوں پر 73 رنز کی میچ ووننگ اننگز کھیلی، جس میں 6 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، ان کے علاوہ تھرنگا 40، کپتان شاہد آفریدی 12، دلشان اور تھیسارا پریرا 5، 5 رنز بناکر نمایاں رہے۔

ہدف کے تعاقب میں انڈیشن مہاراجہ کا آغاز اچھا نہ تھا، صفر پر پہلی وکٹ گنوا دینے کے بعد کپتان گوتم گھمبیر اور مرلی وجے نے 50 رنز کی پارٹنرشپ قائم لیکن وجے 25 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

گوتم گھمبیر نے 54 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد کیف 22، یوسف پٹھان 14، عرفان پٹھان 19 رنز بناکر نمایاں رہے۔

ایشیا لائنز کی جانب سے سہیل تنویر نے 3 جبکہ عبدالزاق، دلشان اور پریرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹورنامنٹ میں آج ایشیا لائنز کو ورلڈکپ جائنٹس کا چیلنج درپیش ہوگا، جس کی قیادت آسٹریلیا کے سابق کرکٹر ایرون فنچ کے سپرد ہے۔

doha

Shahid Afridi

t20 cricket

legends league cricket

gautam gambhir