Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران نیازی آج بھی میڈیا، عدلیہ سمیت کئی لوگوں کا لاڈلا ہے، سعید غنی

عمران خان بہت سارے لوگوں کا لاڈلا تھا اس لئے گرفتار نہیں ہوا
شائع 11 مارچ 2023 11:42am
اسکرین گریب/ سعید غنی
اسکرین گریب/ سعید غنی

صوبائی وزیرسعید غنی نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران نیازی آج بھی میڈیا، عدلیہ سمیت کئی اور لوگوں کا لاڈلا ہے اور سیاسی سرگرمیوں میں تشدد ہر گز نہیں ہونا چاہیے۔

وزیرمحنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے سٹی کورٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا جو کارکن جاں بحق ہوا ہے، افسوس ناک ہے اور اس کی تحقیقات ہونا چاہیے اور جو بھی اس کا ذمہ دار ہے اس کے خلاف کارروائی ہونا چاہیے۔

سعیدغنی نے کہا کہ عمران نیازی کی گرفتاری اسی وقت ہوجانا چاہیے تھی جب خود سپریم کورٹ نے کہا کہ اس نے آئین اور آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غلط طریقے سے اسمبلیاں تحلیل کی تھی لیکن وہ اس وقت بھی بہت سارے لوگوں کا لاڈلا تھا اس لئے گرفتار نہیں ہوا اور اسے ریلیف مل جاتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ حلیم عادل شیخ کے وکلاء کے پاس دلائل نہیں اس لئے وہ کیس چلانا نہیں چاہتے، جو الزامات انہوں نے مجھ پر لگائے ہیں وہ یہ ثابت نہیں کرسکتے ان کے وکلاء کو اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ اگر کیس چلا تو وہ الزامات کسی صورت ثابت نہیں کرسکیں گے کیونکہ یہ تمام الزامات جھوٹے ہیں۔

صوبائی وزیرنے کہا کہ ان کی جانب سے تاخیری حربے استعمال کرنے سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، میں عدلیہ میں آتا رہوں گا چاہے کیس 10 سال ہی کیوں نہ چلے۔

مزید کہا کہ معزز جج کی جانب سے مصالحت کی کوئی بات نہیں ہوئی، میں نے صاف کہا ہے کہ وہ الزامات ثابت کردیں تو میں معافی مانگ لوں گا اور اگر نہیں تو جو الزامات مجھ پر جھوٹے لگائے ہیں اس پر وہ عدالت میں معافی مانگے۔

Saeed Ghani