Aaj News

پیر, نومبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

پنجاب اسمبلی سے محمد خان بھٹی کیخلاف اہم ریکارڈ حاصل کرلیا گیا

اینٹی کرپشن ٹیم پنجاب اسمبلی میں 3 گھنٹے ریکاڑد کی جانچ پڑتال کرتی رہی،ذرائع
شائع 10 مارچ 2023 07:03pm

سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کے قریبی ساتھی سمجھے جانے والے محمد خان بھٹی کیخلاف اینٹی کرپشن کی تحقیقات میں پیشرفت سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن نے کارروائی کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی سے سابق پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ پنجاب محمد خان بھٹی کیخلاف اہم ریکارڈ حاصل کر لیا ہے۔ اینٹی کرپشن ٹیم نے پنجاب اسمبلی میں 3 گھنٹے ریکاڑد کی جانچ پڑتال کی۔

ذرائع اینٹی کرپشن نے پنجاب اسمبلی سے بھرتیوں اور ٹرانسفر پوسٹنگ کا ریکارڈ حاصل کرلیا ہے۔

ذرائع اینٹی کرپشن کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے 8 مارچ کو چھاپہ مار کر اہم ریکارڈ تحویل میں لیا، محمد خان بھٹی کو ملنے والی مراعات، الاونس کا ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے قریبی ساتھی سمجھے جانے والے امجد بھٹی کو پولیس نے2 مارچ کو بلوچستان سے گرفتار کیا تھا۔

سابق پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ پنجاب محمدخان بھٹی کے خلاف اینٹی کرپشن میں 80 کروڑ روپے کی کرپشن کا مقدمہ درج ہے۔

محمدخان بھٹی کے خلاف تقرر و تبادلوں میں رشوت اور ترقیاتی منصوبوں میں بھاری کمیشن وصول کرنے کا بھی الزام ہے۔

گرفتاری کے بعد محمد خان بھٹی کے خلاف ایک اور مقدمہ تھانہ اینٹی کرپشن رحیم یار خان میں درج کیا گیا۔ جس کے مطابق محمد خان بھٹی نے ناجائز طریقے سے 25 کروڑ کی رقوم حاصل کیں اور رحیم یار خان شوگر ملز میں انویسٹ کردی۔