Aaj News

جمعرات, نومبر 14, 2024  
12 Jumada Al-Awwal 1446  

حج پالیسی کا اعلان، اخراجات پونے 12 لاکھ روپے تک پہنچ گئے

حج درخواستیں 16 سے31 مارچ تک وصول کی جائیں گی، وفاقی وزیر مذہبی امور
شائع 10 مارچ 2023 05:44pm

وزیرمذہبی امور مفتی عبدالشکور نے حج پالیسی کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2023 کی منظوری دے دی ہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر کم ہونے سے حج اخراجات میں اضافہ ہوا، تاہم پاکستان میں حج اخراجات بھارت اور بنگلادیش سے کم ہیں۔

حج کی کتنی فیس ادا کرنی ہوگی

مفتی عبدالشکور نے کہا کہ عازمین حج سے صرف ضروری اخراجات کے پیسے لئے جاتے ہیں، عازمین حج کومنیٰ اورمزدلفہ میں ٹرین سروس مہیا ہوگی۔

پی آئی اے کا حج کیلئے فلائٹ آپریشن اور پرائیوٹ حج کرایوں کا اعلان

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں ٹیکسزکی وجہ سے اخراجات میں اضافہ ہوا، لیکن ہماری درخواست پر سعودی حکومت نے حج اخراجات میں کمی کی۔

مفتی عبدالشکور نے کہا کہ عازمین حج کیلئےتمام سہولیات فراہم کرنےکیلئےاقدامات کررہے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے اسپانسر شپ حج اسکیم متعارف کرا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ رواں سال پاکستان کا حج کا کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210مختص ہے، شمالی علاقوں کیلئے حج کے اخراجات11لاکھ 75 ہزار روپے ہوں گے، جنوبی علاقوں کیلئے حج کے اخراجات11 لاکھ 65 ہزار روپے ہوں گے، اس پروگرام سے پاکستان کو 194 ملین ڈالر حاصل ہوں گے۔

مفتی عبدالشکور نے کہا کہ حج درخواستیں 16 سے31 مارچ تک وصول کی جائیں گی، سرکاری اور پرائیویٹ اسکیم کیلئے 50،50 فیصد کوٹہ مختص ہے، عازمین حج کیلئے عمر کی کوئی حد نہیں، حج مفت نہیں، اللہ نے جس کو استعداد دی ہے اسی پر فرض ہے۔

Hajj 2023