Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کوکنگ آئل، گھی اور آٹے سمیت 29 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

مہنگائی کی شرح 42 اعشاریہ 27 فیصد تک پہنچ گئی
اپ ڈیٹ 10 مارچ 2023 06:10pm

ملک میں مہنگائی کی شرح 42 اعشاریہ 27 فیصد تک پہنچ گئی ہے اور کوکنگ آئل، گھی اور آٹے سمیت 29 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہے، اور صرف ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.37 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جبکہ سالانہ بنیادوں پرمہنگائی کی مجموعی شرح میں اضافہ 42.27 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران آلو، پیاز، چینی ، ٹماٹر، صابن، مٹن، بیف، کوکنگ آئل، گھی اور آٹے سمیت 29 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مہنگائی کی رفتار جانچنے والے ادارے ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کئے ہیں، جن کے مطابق ایک ہفتے میں 5 لیٹر برانڈڈ آئل کی قیمت میں 136 روپے 30 پیسے کا اضافہ ہوا، اس دوران 20 کلو آٹے کا تھیلا 70 روپے اور برانڈڈ گھی ڈھائی کلو کاٹن 60 روپے تک مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں ٹوٹا باسپتی چاول 2 روپے 22 پیسے مہنگا ہوا، چینی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے 35 پیسے کا اضافہ ہوا اور چینی کی فی کلو قیمت 103 روپے تک پہنچ گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر12.43 فیصد، پیاز9.26، آلو 11.37، چینی5.48، کوکنگ آئل 4.27، آٹا 4.97، ویجیٹیبل گھی4.01 فیصد، دہی 1.89 فیصد، دودھ 1.82، چائے 1.79، نمک1.21 فیصد اور باسپتی ٹوٹا چاول 1.24 فیصد مہنگے ہوئے ہیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے 8 اشیائے ضروریہ سستی بھی ہوئیں، جب کہ 14 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔

Inflation