قسمت کی دیوی فخر زمان پر مہربان، 3 مواقع ملنے پر شاندار سنچری بناڈالی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں قسمت کی دیوی لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان پر مہربان رہی، بیٹر نے 3 مواقع ملنے کے بعد 50 گیندوں پر سنچری بناڈالی۔
گزشتہ روز راولپنڈی میں کھیلے گئے اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ میں اوپنر فخر زمان کو 3 مواقع ملے، ایک کے انفرادی اسکور پر فخر زمان کو پہلا موقع ملا جب سلپ میں موجود آصف علی نے حسن علی کی بال پر کیچ ڈراپ کیا۔
فخر زمان کو دوسرا موقع71 کے انفرادی اسکور پر ملا، شاداب خان کی گیند پر لانگ آف پر موجود حسن علی کیچ تھامنے میں ناکام رہے۔
اسی طرح 85 کے اسکور پر فہیم اشرف کی گیند پر فخر زمان کو ایل بی ڈبلیو قرار دے دیا گیا تاہم وہ ریویو پر بچ گئے، بال ٹریکنگ پر گیند لیگ اسٹمپ کی جانب جاتی دکھائی دے رہی تھی، اس وقت تو فخر خود کو آؤٹ سمجھتے ہوئے واپس جانے لگے تھے، نئے بیٹر سکندر رضا بھی گراؤنڈ میں آچکے تھے مگر تھرڈ امپائر کے فیصلے نے شائقین کو تالیاں بجانے پر مجبور کردیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 3 مواقع ملنے پر فخر زمان نے 57 گیندوں پر 115 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔
فخر زمان پی ایس ایل کے رواں سیزن میں سنچری بنانے والے پانچویں بلے باز بن گئے۔
لاہور قلندرز نے اس میچ میں 119 رنز کے بڑے مارجن سے جیت حاصل کی اور پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کرلی۔
Comments are closed on this story.