فواد چوہدری کیخلاف توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار
لاہور ہائیکورٹ نے اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے خلاف پریس کانفرنس کرنے پر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے خلاف پریس کانفرنس کرنے کے معاملے پر درخواست کی سماعت کی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے دائر درخواست پر سماعت کی، پی ٹی آئی کے رہنماء فواد چوہدری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست رانا شاہد ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ فواد چوہدری نے ہائیکورٹ میں میڈیا سے خطاب میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز مخالف بیان بازی کی، انہوں نے پریس کانفرنس کے ذریعے اعلیٰ عدلیہ کو اسکینڈ لائز کرنے کی کوشش کی۔
مؤقف اپنایا گیا کہ فوادچوہدری کی تقریر الیکٹرانک میڈیا پر لائیو نشر ہوئی اور اگلے روز اخبارات میں پرنٹ ہوئی، آئین کے تحت اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے خلاف بیان بازی نہیں ہوسکتی۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدلیہ مخالف بیان بازی پر فواد چوہدری کے خلاف آئین کے آرٹیکل 204 کے تحت توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
بعدازاں عدالت نے فواد چوہدری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔
Comments are closed on this story.