Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

حکومت کا چیئرمین نیب کو مزید بااختیار بنانے کے لئے بڑا اقدام

وفاقی کابینہ نے نیب قوانین میں ترامیم کی منظوری دے دی
شائع 09 مارچ 2023 09:53pm
فائل فوٹو بذریعہ اے پی پی
فائل فوٹو بذریعہ اے پی پی

وفاقی حکومت نے چیئرمین نیب کو مزید بااختیار بنانے کے لئے نیب قوانین میں ترامیم کی منظوری دیدی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین نیب کو مزید بااختیار بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے نیب قوانین میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔

نیب قوانین میں ترمیم کے بعد احتساب عدالت سے ناقابل سماعت قرار دیئے گئے مقدمات چیئرمین نیب کسی دیگر متعلقہ فورم کو بھیج سکیں گے۔

نیب سے مقدمہ موصول ہونے پر متعلقہ ادارے کو از سر نو شواہد اکٹھنے کرنے کا اختیار ہو گا، اس سے قبل نیب قانون میں صرف چیئرمین سینیٹ پبلک آفس ہولڈر کے زمرہ میں آتا تھا۔

وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2023 کی بھی منظوری دی ہے۔ رواں سال حج پر 1 لاکھ 79 ہزار 210 عازمین سعودی عرب جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق رواں سال شمالی پاکستان کے عازمین کے لئے حج اخراجات 11 لاکھ 75 ہزار روپے ہونگے۔ جنوبی پاکستان کے عازمین کے لئے حج اخراجات 11 لاکھ 65 ہزار روپے ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے وفاقی کابینہ کو نیشنل کلین ائیر پالیسی پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ سال2021 میں پاکستان کا شمار دنیا کے 3 آلودہ ترین ممالک میں تھا۔

کراچی لاہور کا شمار دنیا کے انتہائی آلودہ ترین شہروں میں ہوتا ہے، فضائی آلودگی پاکستان میں بڑا مسئلہ بن چکا ہے، سال 2019 میں فضائی آلودگی سے 2 لاکھ 35 ہزار اموات رپورٹ ہوئیں۔

موسم سرما میں اسموگ کا مسئلہ خطرناک بن جاتا ہے، نیشنل کلین ائیر پالیسی ملک میں فضائی آلودگی کو کم کرنے کے اقدامات میں معاون ثابت ہوگی۔

نیشنل کلین ائیر پالیسی کے تحت نیشنل ایکشن کمیٹی تشکیل دی جائے گی، نیشنل ایکشن کمیٹی کو ایک ٹیکنکل کمیٹی معاونت فراہم کرے گی۔

NAB

federal cabinet

Hajj 2023