مجھے نانی کہنے والے نے اچھے کام کئے ہوتے تو نانا دادا ہوتا، مریم نواز
مسلم لیگ ن کی چیف آگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ مجھے نانی کہنے والے نے اچھے کام کئے ہوتے تو خود نانا دادا ہوتا۔
لاہور میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیف آرگنائیزرمسلم لیگ ن مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت یوتھ کی ضرورت ہے، پاکستان کی آبادی میں نوجوانوں کا بہت بڑا تناسب ہے، اگر کسی جماعت کے پاس پاکستان کی ترقی کا پلان ہے تو وہ ن لیگ ہے، باقی جماعتیں صرف دعوے کرتی ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ یوتھ پاکستان میں سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرزہیں، نوجوانوں کو فری لانس کی ٹریننگ کروانی چاہیے، زراعت کے شعبے میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، 99 فیصد یوتھ قرضے واپس کرتے ہیں، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ نوجوانوں کو موقع دیں، اس وقت بھی ینگ پارلیمنٹیرین کی سب سے بڑی تعداد پاکستان مسلم لیگ ن کی ہے، امید ہے کہ آنے والی پارلیمنٹ میں سب سے بڑی تعداد یوتھ کی ہوگی۔
لیگی چیف آگنائزر نے کہا کہ ایک لیڈر قوم کے نوجوانوں کو آگے کرکے گھر میں چھپا بیٹھا ہے، نو جوانوں کو ڈھال بنایا جاتا ہے، گزشتہ روز ان کے سیاسی کارکنوں نے پولیس کی گاڑیاں جلائیں، پولیس اہلکاروں پرڈنڈے برسائے، دنیا کی پہلی تحریک دیکھی ہے جس میں لیڈر چھپ کر بیٹھا ہو، اس سے بڑا مذاق اورکیا ہوگا، یہ مجھے نانی کہتے ہیں، اگر اچھے کام کیے ہوتے تو آپ بھی نانا دادا ہوتے، آخرت میں ہی نہیں دنیا میں بھی گناہوں کی سزاملتی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے خلاف کوئی کیس بھی جھوٹا نہیں، انہوں توشہ خانہ سے چوریاں کی اور چھپائیں، اور اب ریلی کیلئے تیار ہیں لیکن عدالتی پیشی پر جان کو خطرہ ہو جاتا ہے، اور کیسز سے بچنے کیلئے پلسٹر نہیں اتار رہے، مجھے اور نوازشریف کو بھی کئی مرتبہ دھمکیاں ملیں، لیکن ہم نہیں ڈرے، اور عدالتوں میں پیش ہوئے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف چار کیسزہیں، ایک تو اس کی بیٹی کا ہے کیوں کہ وہ اپنی بیٹی کو اون نہیں کرتا، اس کی سابقہ بیوی جمائمہ اس کی بیٹی کو پال رہی ہے، اس نے اپنی بیٹی کے بارے میں قوم سے جھوٹ بولا، 190 ملین پاؤنڈ کا کیس، فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ یہ سب کیسز سچے ہیں، عدالت انہیں باربار بلا رہی ہیں لیکن یہ حاضرنہیں ہو رہا ہے، ان کیسز سے بھاگتا رہتا ہے اور ڈرامہ بازی اس لیے کررہا ہے کہ وہ کورٹس میں نہیں جانا چاہتا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان کو بیساکھیوں کے استعمال کی عادت ہے، جو لوگ اس کا ساتھ دے رہے ہیں ان کی عقل پر میں حیران ہوں، انتخابات کے سارے پیسے عمران خان سے وصول کیے جائیں، یہ بیماریوں کے پیچھے چھپ رہے ہیں، کورٹس کے لیے بیمار، مگر ریلیز کے لیے تیار، اس کو کورٹس میں جان کو خطرہ ہے، مگر ریلی میں خطرہ نہیں، ریلی میں ہزاروں شرکاء ہوتے ہیں جہاں جان کو زیادہ خطرہ ہوتاہے، پاکستان کے ہر نوجوان کو انتخابات میں سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہے۔
Comments are closed on this story.