Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی : نامعلوم مسلح حملہ آوروں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید

ملزمان شہید اور زخمی اہلکاروں کا اسلحہ چھین کر لے گئے، ذرائع
شائع 09 مارچ 2023 12:44pm

سائٹ ایریا میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک پولیس اہلکار کو شہید اور دوسرے کو زخمی کردیا۔

کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ڈیوٹی پر مامور پولیس ہلکاروں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر لیے گئے ہیں، واقعے کی جگہ سے نائن ایم ایم پستول کے7 خول ملے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ شہید ہونے والے اہلکار کی شناخت 30 سالہ رمیز کے نام سے ہوئی جو پولیس ہیڈ کانسٹیبل تھا۔ شہید کی نماز جنازہ آج دوپہرگارڈن ہیڈ کواٹرمیں ادا ہوگی۔ جب کہ زخمی پولیس اہلکار کی شناخت شیر افضل عمر25 سال سے ہوئی۔

ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے باآسانی پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا اور شہید اور زخمی اہلکاروں کا اسلحہ چھین کر لے گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ جہاں حملہ ہوا وہاں 2 موٹرسائیکل پر4 اہلکاروں کی ڈیوٹی تھی، لیکن واقعے کے وقت 2 اہلکارموجود نہیں تھے، تفیشی حکام کو پولیس اہلکاروں کی سنگین غفلت اور لاپرواہی کے شواہد ملے ہیں، ڈیوٹی پرموجود 2 اہلکار کہاں تھے، اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔

Karachi Police