Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

خیبرپختونخوا انتخابات کی تاریخ پر قوم جلد خوشخبری سنے گی، گورنر

الیکشن کی تاریخ سے متعلق اجلاس بے نتیجہ ختم
شائع 08 مارچ 2023 05:52pm

گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کا کہنا ہے کہ انتخابات کی تاریخ دیناعید کا چاند دیکھنے سے مشکل کام ہے، الیکشن کمیشن کےساتھ اجلاس میں پیش رفت ہوئی ہے، انتخابات کی تاریخ پر قوم جلد خوشخبری سنے گی۔

خیبرپختونخوا میں الیکشن کی تاریخ سے متعلق اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ گورنر خیبرپختونخوا اور الیکشن کمیشن کے درمیان تاریخ کا فیصلہ نہ ہو سکا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پیر یا منگل کو الیکشن کمیشن کے دفتر جاؤں گا، الیکشن کمیشن کے ساتھ میٹنگ میں کسی فیصلے پر پہنچ جائیں گے۔

حاجی غلام علی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں انتخابات پنجاب سے زیادہ شفاف ہوں گے، یہاں امن وامان کی صورتحال پنجاب سے مختلف ہے، ایسا کوئی دن نہیں گزرا کہ یہاں کوئی حملہ نہ ہو، کوشش ہونی چاہیے کہ ایسا فیصلہ کریں جس سے عوام مشکل میں نہ پڑیں۔

آج ہونے والے اجلاس میں الیکشن کمیشن کی نامزد کردہ ٹیم اور گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کی صوبائی اسمبلی کے انتخابات سے متعلق تاریخ پر مشاورت بے نتیجہ ختم ہوئی۔

اجلاس میں گورنر خیبرپختونخواہ نے صوبہ میں پر امن انتخابات کے انعقاد پر زور دیا، جبکہ الیکشن کمیشن حکام کا موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے تحت مشاورت کا دائرہ کار صرف انتخابی تاریخ پر ہوگا۔

تاہم الیکشن کمیشن اور گورنر خیبرپختونخوا کے درمیان انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے ڈیڈ لاک برقرار رہا۔

ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق مشاورتی اجلاس میں عام انتخابات کیلئے تاریخ کے حوالے سے مشاورت آخری مراحل میں داخل ہوگئی اور گورنر خیبرپختونخوا آئندہ ہفتے الیکشن کمیشن اسلام آباد میں حتمی مشاورت کیلئے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کی نامزد کردہ ٹیم میں سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان، سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفراقبال حسین اور ڈائریکٹرجنرل لاء ارشد خان شامل تھے۔

election commision

Haji Ghulam Ali

Governor Khyber Pakhtunkhwa

Politics March 08 2023