Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

لاہور میں پی ٹی آئی پولیس تصادم: ایک جاں بحق، 36 گرفتار

عمران خان نے کارکنان کو واپس گھر بھیج دیا۔
اپ ڈیٹ 08 مارچ 2023 11:56pm
پولیس نے کارکنوں کے وین میں ڈال دیا - اسکرین گریب/  آج نیوز
پولیس نے کارکنوں کے وین میں ڈال دیا - اسکرین گریب/ آج نیوز
ریلی اور حکومتی پابندیوں کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے - اسکرین گریب/ ٹوئٹر
ریلی اور حکومتی پابندیوں کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے - اسکرین گریب/ ٹوئٹر
گرفتاری سے بچنے کیلئے کارکن پائپ کے ذریعے نہرعبور کررہے ہیں - تصویر/ آج نیوز
گرفتاری سے بچنے کیلئے کارکن پائپ کے ذریعے نہرعبور کررہے ہیں - تصویر/ آج نیوز
پی ٹی آئی کے کارکنوں کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتارکیاگیاہے، پولیس - اسکرین گریب/ آج نیوز
پی ٹی آئی کے کارکنوں کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتارکیاگیاہے، پولیس - اسکرین گریب/ آج نیوز
زمان پارک پر پولیس کی نفری موجود ہے۔ اسکرین گریب/ آج نیوز
زمان پارک پر پولیس کی نفری موجود ہے۔ اسکرین گریب/ آج نیوز
تصویر/ سوشل میڈیا
تصویر/ سوشل میڈیا

تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ زمان پارک کے قریب پولیس سے تصادم کے نتیجے میں ان کا ایک کارکن علی بلال شیل لگنے سے جاں بحق ہوا ہے، جبکہ پی ٹی آئی رہنما مزید شہادتوں کا خدشہ بھی ظاہر کر رہے ہیں۔

کارکنان کا کہنا ہے کہ علی بلال 3 ماہ سے روزانہ زمان پارک آرہا تھا، 25 مئی کو بھی علی بلال لاٹھی چارج سے زخمی ہوا تھا، 25 مئی کو علی بلال کا بازو ٹوٹ گیا تھا۔

پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ لاٹھی چارج اور شیلنگ سے ایک بچے سمیت تین افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ تینوں افراد کی لاشیں سروسزاسپتال لائی گئی ہیں۔

زخمیوں کو طبی امداد کیلئے سروسز اور دیگر اسپتال منتقل کیاگیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ ایک ماں کی گود اجاڑ دی گئی، معصوم بچے سے حکومت کو کیا خطرہ تھا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ علی بلال 2010 سے ہمارے ساتھ تھا، 25 مئی کو بھی ان کا خون ریزی کا منصوبہ تھا، حکومت نے آج سے خون ریزی کا آغاز کر دیا ہے۔

اس حوالے سے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ لاہور کو خون میں نہلایا ہے عوام بدلہ لے گی، ملک میں سقوط ڈھاکہ کے مناظر نظر آئے۔

مسرت جمشید کا کہنا تھا کہ ہم آپ کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے، رانا ثنا کے کہنے پر کارکنوں پر تشدد کیا گیا، علی بلال ہمارا بیٹا تھا، آپ چاہتےہیں کہ ہم قانون ہاتھ میں لیں، ہم ایسا نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو زندہ رہنے دو، انسانیت کی دھجیاں نہ اڑاؤ، تم نے پاکستان کو نوچنا شروع کردیا ہے، تم پر اللہ زمین تنگ کرنے والا ہے۔

تین افسران، آٹھ پولیس اہلکار زخمی

پی ٹی آئی کارکنوں کے ساتھ تصادم میں پولیس کے تین افسران اور آٹھ اہلکار زخمی ہوئے، جن میں دو ڈی ایس پیز، ایک ایس ایچ او اور آٹھ پولیس اہلکار شامل ہیں۔

ڈی ایس پی سبزہ زار، ڈی ایس پی ٹاؤن شپ، ایس ایچ او ہنجروال، کانسٹیبل عرفان، ندیم، بلال، وقار، علی عصمت، سکندر، علی حمزہ اور عبدالستار زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تشدد سے زخمی ایک اہلکار کی حالت نازک ہے۔

36 کارکن گرفتار

لاہور میں تصادم کےدوران پولیس نے پی ٹی آئی کےچھتیس سے زائد کارکنوں کو گرفتار کیا ہے۔

پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق تھانہ مناواں میں 21 کارکنوں کو منتقل کیا گیا، مصری شاہ میں 15 گرفتار کارکنوں کو پہنچایا گیا۔

تھانہ مناواں میں اعظم سواتی کے دو گن مین بھی گرفتار کرکے لائے گئے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی جانب سے انتخابی ریلی ملتوی کرنے اور کارکنان کو واپس گھر جانے کی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں، لیکن اس کے باوجود پئی ٹی آئی کارکنان اور پولیس میں تصادم کافی دیر تک جاری رہا۔

پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پولیس کو مال روڈ سے پیچھےدھکیل دیا۔

ابتدائی طور پر شیل ختم ہونے کے بعد پولیس اہلکار پیچھے ہٹ گئے، جس کے بعد کارکنوں نے مال روڈ چوک پر لگے کنٹینر پر قبضہ کرلیا۔

لیکن پولیس نے دوبارہ کارکنوں پر آنسو گیس کی شیلنگ شروع کردی، پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کی خواتین ریلی پر بھی شیلنگ کی، جس سے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ اور کئی خواتین کارکنوں کی حالت غیر ہوگئی۔

خواتین کارکن گڑھی شاہو پل کی جانب بڑھ رہی تھیں۔

پی ٹی آئی رہنما سعدیہ سہیل نے کہا کہ ہماری کئی خواتین روزہ سے ہیں، ہم پر شیلنگ کی گئی، پاکستان کو کشمیر اور فلسطین بنا رہے ہیں، پُرامن خواتین ریلی پرآنسوگیس سےحملہ کیا گیا۔

زمان پارک کے قریب پولیس اور پی ٹی آئی کے کارکن آمنے سامنے آئے، پولیس نے کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا تو کارکنوں نے جواب پتھروں سے دیا۔

کارکنون نے پولیس کی گاڑیوں پر پتھر برسائے، شیشے توڑ دیئے، کارکنوں کے پتھراؤ سے ایک ڈی ایس پی بھی زخمی ہوگئے۔

پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ہمارے کئی سو کارکنان گرفتار ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ ہمارے کارکنان پر کمیکل والا پانی پھینکا گیا، ہمارے کئی کارکنان زخمی اور اسپتالوں میں ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پرامن شہریوں کی گاڑیوں کو توڑا گیا، نگراں حکومت میں غیر جمہوری کام کیا گیا۔

پنجاب میں دفعہ 144 نافذ

محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہورمیں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے جلسہ، جلوس اور ریلی پر پابندی عائد کردی ہے۔

دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق پابندی کا نفاذ آج سے شروع ہوگا، جوآئندہ 7 روز تک جاری رہے گی، پابندی ٹریفک اورسیکیورٹی کی خراب صورتحال کےپیش نظر لگائی گئی۔

دفعہ 144 کی خلاف ورزی، پولیس نے گلو بٹ کی یاد دلا دی

پنجاب پولیس نے پی ٹی آئی ریلی میں شامل گاڑیوں پر ڈنڈے برسا دئے، گاڑیوں کے شیشے توڑ دئے گئے۔

پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاریاں

پنجاب پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے کارکنان کو گرفتار کیا گیا، زمان پارک کے قریب کینال روڈ پر واٹر کینن سے ریلی کے شرکاء کو روکنے کی کوشش کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتارکیا گیا ہے جبکہ زمان پارک، کینال پارک سے کارکنوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

پولیس نے زمان پارک جانے والے راستے بند کردئے ہیں، مال روڈ سے کینال کی جانب جانے والا راستہ بھی بند کردیا گیا ہے۔ ریلی کے روٹ پر پولیس کی بھاری نفری راستے پر تعینات ہے اور ریلی میں شرکت کیلئے آنے والوں کو بھی گزرنے کی اجازت نہیں ہے۔

زمان پارک کے ڈی جے حمزہ کو بھی گرفتارکرلیا گیا ہے۔ گرفتاری سے بچنے کے لئے کئی کارکنوں نے واٹر پائپ کے ذریعے نہر کراس کی۔

دفعہ 144 کے نفاذ پر تحریک انصاف کا رد عمل

دفعہ 144 کے نفاذ پر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب میں سیاسی اجتماعات پر پابندی فسطائی حکومت کا نیا ہتھیار ہے، ہم اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے اس فاشسٹ حکومت کے خلاف جدوجہد میں مزید تیزی آئی گی۔

پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے کہا کہ ہماری کچھ دیر میں شروع ہونےوالی ہے اور زمان پارک کےراستوں کوسیل کردیا اور نگراں حکومت نےدفعہ144نافذ کردی گئی ہے۔

انہوںٓ نے کہا کہ عمران خان نکلےگاتوتمام چوہےبلوں میں گھس جائیں گے الیکشن سرپرہیں، کیسےممکن ہےکہ ریلیوں پرپابندی لگ جائے پنجاب کی متنازع نگراں حکومت نےپابندی لگائی ہے۔ حکمران ملک میں خون چاہتی ہےتاکہ الیکشن ملتوی کیاجائے

پاکستان تحریک انصاف انتخابی مہم ریلی

پاکستان تحریک انصاف اپنی انتخابی مہم آج سے شروع کرنے کا اعلان کیا ہوا ہے جس کے تحت لاہورمیں عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک سےریلی نکالی جائے گی۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نے تحریک کی صوبائی صدرڈاکٹر یاسمین راشد کومراسلہ بھیجاہے کہ پی ٹی آئی قیادت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کو یقینی بنائے۔

lahore

Punjab police

Politics March 08 2023