Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

توشہ خانہ کیس: عمران خان کے وارنٹ منسوخ کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

چیف جسٹس عامرفاروق 2 بجے کیسں کی سماعت کریں گے
اپ ڈیٹ 07 مارچ 2023 01:52pm
فوٹو۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔ اے ایف پی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وارنٹ منسوخ کرنے کی درخواست آج ہی سماعت کے لئے مقرر کر دی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامرفاروق 2 بجے کیسں کی سماعت کریں گے۔

اس سے قبل اسلام آباد کی مقامی عدالت سے درخواست مسترد ہونے پر سابق وزیراعظم عمران خان نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیے۔

پاکستان تحریک انصاف کے وکلاء نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، جس میں ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کا حکم چیلنج کیا گیا۔

درخواست میں عدالت سے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ منسوخ کرنے اور آج ہی کیس کی سماعت کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کی طرف سے جاری ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کالعدم قرار دیے جائیں۔

خیال رہے کہ 28 فروری کو عدالت نے عدم پیشی پر عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

عدالت نے اسلام آباد پولیس کو احکامات جاری کیے تھے کہ عمران خان کو گرفتار کر کے 7 مارچ کو عدالت میں پیشی یقینی بنائی جائے۔

گزشتہ روز اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عمران خان کے توشہ خانہ کیس میں جاری ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔

عدالت نے تفصیلی فیصلے میں قرار دیا تھا کہ عمران خان جان بوجھ کر سیشن عدالت پیش نہیں ہوئے۔

یاد رہے کہ توشہ خانہ کیس میں ایڈیشنل سیشن جج نے فردجرم عائدکرنے کے لئے عمران خان کو 8 جنوری سے طلب کر رکھا ہے لیکن ہر پیشی پر عمران خان کی جانب سے طبی یا سیکیورٹی وجوہات کے باعث حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر ہوتی رہیں۔

ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود اسلام آباد پولیس تاحال عمران خان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔

pti

imran khan

Islamabad High Court

islamabad local court

arrest warrent

Politics March 07 2023