عمران خان کی تقاریر پر پابندی کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کی تقاریر کی نشریات پر پابندی کے اقدام کو چیلنج کردیا گیا۔
سابق وزیراعظم کی تقاریر، گفتگو اور بیانات پر پابندی کے خلاف درخواست بیرسٹر احمد پنسوتہ اور اشتیاق اے خان نے دائر کی۔
پی ٹی آئی نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ تقاریر پر پابندی آئین کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، آئین پاکستان شہریوں کو آزادی اظہار کی اجازت دیتا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی تقاریر پر پابندی آئین کی سنگین خلاف ورزی ہے، آزادی اظہار پر پابندی کو کبھی بھی عوام نے قبول نہیں کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے عمران خان کی لائیو و ریکارڈڈ تقاریر، بیانات اور گفتگو پر پابندی عائد کردی تھی۔
پیمرا کے نوٹیفکیشن کے ردعمل میں پی ٹی آئی کے فواد چوہدری کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ہم پیمرا کے اس حکم کو عدالت میں چیلنج کریں گے میڈیا اس حکم کو خود بھی چیلنج کرے۔
Comments are closed on this story.