Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

’آپ جیسا نہ کوئی تھا، نہ ہے اور نہ ہوگا‘

لیجنڈری محمد قوی خان کے انتقال پرشوبزشخصیات کا خراج تحسین
شائع 06 مارچ 2023 10:35am
تصویر: ٹوئٹر
تصویر: ٹوئٹر

پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے مقبول ترین لیجنڈری اداکارمحمد قوی خان کے انتقال پرشوبزشخصیات نے اپنی ٹویٹس میں گہرے رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ٹی وی اور فلم کا معروف نام محمد قوی خان کینسرکے عارضے میں مبتلا تھے اور گزشتہ کچھ ماہ سے علاج کی غرض سے کینیڈامیں مقیم تھے جہاں گزشتہ رات 80 سال کی عمرمیں انتقال کرگئے۔

سال 1942 میں پیدا ہونے والے قوی خان کا شمار پاکستان ٹیلی ویژن کی ابتداء سے ہی کام کرنے والے اداکاروں میں ہوتا تھا۔

خدمات کے اعتراف میں انہیں نگارایوارڈ، پرائڈ آف پرفارمنس اور ستارہ امتیازسے نوازا گیا تھا جبکہ رواں سال انہیں ملک کے سب سےبڑے ایوارڈ ’نشان پاکستان‘ کیلئے نامزد کیا گیا تھا۔

قوی خان کے ساتھ کام کرنے والے اداکاروں نے ان کے انتقال کوعظیم نقصان قرار دیتے ہوئے ٹویٹس میں ان کیلئے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

ڈرامہ سیریل ’پریم گلی‘ مین ان کے پوتے کا کردار ادا کرنے والے فرحان سعید نے لکھا ، ’آپ جیسا نہ کوئی تھا، نہ کوئی ہے اور نہ کوئی ہوگا-‘

عروہ حسین نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ضیاءمحی الدین کے بعد اب قوی خان صاحب۔۔ ان کی تعریف کیلئے الفاظ کم پڑجاتے ہیں، لیجنڈز کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملنے پرمیں بیحد شکر گزارہوں۔

اداکار اعجاز اسلم نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ وہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں ایک حقیقی آئیکون تھے۔

سجل علی نے انہیں بہترین اداکارکے ساتھ ساتھ اچھا انسان بھی قراردیتے ہوئے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

صوفیہ مرزا نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ ، ’قوی خان کے ساتھ ان کا پہلا ڈرامہ ایک حیرت انگیزتجربہ تھا، انہوں نے مجھے اداکاری سکھائی کیونکہ میں شوبز کے پس منظرسے تعلق نہیں رکھتی تھی۔ وہ اداکاروں کی اکیڈمی تھے اور ایک عظیم انسان تھے-‘

اداکارعدنان صدیقی نے لکھا کہ قوی خان کا نام انڈسٹری میں ہمیشہ یادرکھاجائے گا، ان سےاداکاری کے علاوہبلکہ زندگی کے بارے میں بھی بہت کچھ سیکھنے کوملا ۔

علی ظفرنے لکھا کہ، ’مجھےانکے ساتھ کام کرنےکا اعزاز کبھی حاصل نہیں ہوا، لیکن انکی مثالی پیشہ ورانہ مہارت اورعاجزی کو ہرشخص نے سراہا-‘

اداکار نے لکھا کہ قوی خان کی تدفین مکمل سرکاری اعزازکے ساتھ ہونی چاہیے۔

سہیل احمد نے انہیں عظیم انسان اورلاجواب لیجنڈری لکھا۔

معروف ہدایتکارندیم بیگ نے لکھا کہ، ’قوی خان زبردست اداکاراورکمال انسان تھے،ہم نے ایک اور لیجنڈ کھودیا-‘

واسع چوہدری نے انہیں پاکستان کے سب سے کامیاب،تجربہ کاراورقابل احترام اداکاروں میں سے ایک قراردیتے ہوئے کہا کہ ان جیسا مثبت اداکارکبھی نہیں دیکھا۔

بھارت میں مقیم گلوکارعدنان سمیع نے دکھ کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہترین اداکاروں میں سے ایک تھے-

شائستہ لودھی نے اپنی ٹویٹ میں قوی خان کے نام شعرلکھا ۔

مشی خان نے ان کے انتقال کو بہت بڑا نقصان قراردیتے ہوئے لکھا کہ ان کی خدمات کوہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔

گلوکارفخرعالم نےبھی اپنی ٹویٹ میں اداکار کی مغفرت کیلئے دُعا کی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق قوی خان کی تدفین کینیڈا میں ہی کی جائے گی جہاں ان کے صاحبزادے عدنان قومی مقیم ہیں۔

Qavi Khan

showbiz celebrities