Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

ثاقب نثار، فیض حمید اب بھی عمران کیلئے لابنگ کررہے ہیں،فضل الرحمان

بدامنی کی وجہ سے بہت سے علاقوں میں الیکشن مہم کیلئے نہیں جاسکتے، مولانا فضل الرحمان
شائع 06 مارچ 2023 12:18am
فائل ــ فوٹو
فائل ــ فوٹو

جمعیت علماء اسلام (جے یوآئی ) ایف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سیاست دان جیل جانے سے اتنا نہیں ڈرتا جتنا عمران خان ڈرتا ہے۔ چیف جسٹس (ر) ثاقب نثاراور فیض حمید ابھی بھی عمران خان کے لئے لابنگ کررہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان گھرمیں بیٹھا جھوٹ بول رہا ہے کہ گھر پر نہیں۔ قانون کوروکنے کے لئے ورکرز کو لاکربٹھایا ہوا ہے۔ ایک شخص کی پہچان ہے کہ وہ صبح کچھ کہتا ہے اور شام کوکچھ کہتا ہے، اس کے پاس کوٸی ویژن نہیں ہے ۔ سیاست دان جیل جانے سے اتنا نہیں ڈرتا جتنا عمران خان ڈرتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ چیف جسٹس (ریٹائرڈ) ثاقب نثاراورفیض حمید ابھی بھی عمران خان کے لئے لابنگ کررہے ہیں ۔ ادارے اس صورتحال کا نوٹس لیں اورانہیں لگام ڈالیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں بدامنی ہے ہم بہت سے علاقوں میں الیکشن مہم کے دوران نہیں جاسکیں گے۔ کیا پولیس اوراداروں میں الیکشن میں سیکورٹی دینے کی صلاحیت ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی صورتحال کو دیکھنا ہے۔

سربراہ جے یو آئی ایف نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ عمران کی چار سالہ حکومت نے ہمارے ملک کو کہاں پہنچایا۔ ملک کو ایسی جگہ پہنچایا جہاں غریب کو روٹی نہیں مل رہی۔ ایسے میں 80 ارب روپے الیکشن پر خرچ کروانے کی بات ہو رہی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عدلیہ کے ازخود نوٹس پرحیرت ہے۔ ہمارے نزدیک 2 اور 3 کا نہیں 4 اور 3 کا فیصلہ ہے ۔ ماہرین قانون اس پرجرات مندانہ رائے دیں۔

پنجاب اور خیبر پختون خوا ضمنی الیکشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس وقت دو اسمبلیاں موجود نہیں اور دونوں کے ٹوٹنے کا وقت ایک نہیں ہے، شیڈول بھی ایک نہیں ہے۔ شیڈول دینے کا اختیار بھی کسی ایک منصب کے پاس نہیں۔

سربراہ جے یو اۤئی ایف نے کہا کہ مردم شماری ہو رہی ہے دو اسمبلیوں کے الیکشن پرانی مردم شماری پر ہوں گے۔ کئی نئے ووٹرحق سے محروم ہوں گے، کیا اسمبلیاں وزرائے اعلیٰ نے توڑی ہیں یا کسی سیاسی لیڈرکے حکم پرتوڑی گئیں۔ حیرت ہے کہ عدالت عظمیٰ نے ازخود نوٹس لیا کہ الیکشن کیوں نہیں ہو رہے۔ یہی سپریم کورٹ تھی جس نے مشرف کو تین سال میں الیکشن کرنے کی ہدایت دی اور آج نوے روزمیں الیکشن کا حکم دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج آئی ایم ایف ہمارا بجٹ بنا رہا ہے، اسٹیٹ بینک کو ایسا کر دیا کہ وہ حکومت کو جوابدہ نہیں۔ حالات ایسے ہیں کہ جہاں جاتے ہیں آئی ایم ایف رکاوٹ بن جاتا ہے، حکومت پاکستان کی خواہش ہے مذاکرات کے ذریعے معاملات طے کئے جائیں۔

PDM

Maryam Nawaz

Imran Khan Arrest