Aaj News

پیر, نومبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

’قانونی کارروائی کی راہ میں غلط بیانی، شبلی فراز کے خلاف کارروائی کی جائے گی‘

عمران خان کی گرفتاری کیلئے آنے والے پولیس والوں کو شبلی فراز نے کیا کہہ کر واپس روانہ کیا؟
شائع 05 مارچ 2023 07:32pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شبلی فراز کا کہنا ہے کہ میں نے وارنٹ گرفتاری کے نوٹس پر جو لکھا اس پر قائم ہوں، اگر کسی کو انگریزی سمجھ آتی ہے تو واضح ہے کہ میں نے کیا لکھا ہے۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے عمران خان کی زمان پارک رہائش گاہ میں موجودگی پر غلط بیانی کے الزام پر زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ میں نے کہاں لکھا ہے عمران خان زمان پارک والے گھر میں نہیں ہیں، اگر میرے لکھنے سے کوئی جرم سرزد ہوا ہے تو جو کارروائی کرنی ہے کر لیں۔

شبلی فراز نے نوٹس کی موصولی پر دستخط کرتے ہوئے لکھا تھا کہ چئیرمین عمران خان دستیاب نہیں، تاہم، ہم تمام قانونی عمل کی تعمیل کریں گے۔

دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا عمران خان رہائش پر موجود نہیں۔ قانونی کاروائی کی راہ میں غلط بیانی سے کام لینے پر شبلی فراز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے یقینی دہانی کرائی کہ وہ قانون پر عمل کریں گے اس لئے ہم امید کرتے ہیں کہ وہ عدالت پیش ہوں گے۔ ہم امن و امان کو برقرار رکھنے کی ہرممکن کوشش کریں گے اور ملزم عمران خان کو سات مارچ کی پیشی کے لئے عدالت کے حکم پر عمل درآمد کریں گے۔

shibli faraz

Imran Khan Arrest