بلاول کی وزیر اعظم کو وزارت خارجہ چھوڑنے کی دھمکی
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرین کی مدد اور ڈیجیٹل مردم شماری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کا وعدہ پورا نہ کیا تو وزارت رکھنا مشکل ہوگا۔
ملک میں حکمراں اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حکومت ہے اور پیپلزپارٹی اس اتحاد کا حصہ ہے لیکن وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرین کی مدد اور ڈیجیٹل مردم شماری کے حوالے سے سندھ حکومت کے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
کراچی میں سیلاب سے متاثرہ کسانوں میں رقوم کی تقسیم کے حوالے سے تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے وزارت خارجہ چھوڑنے کی دھمکی دے دی۔ کہا سیلاب متاثرین کے لئے وفاقی حکومت کی مدد ابھی تک نہیں ملی، وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کو ترجیح دے، وزیراعظم شہباز شریف سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے کیا وعدہ نبھائیں، اگر وعدہ پورا نہ کیا تو ہمارے لئے وزارت رکھنا مشکل ہوگا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ موجودہ ڈیجیٹل مردم شماری ہماری شکایات کا ازالہ نہیں، ڈیجیٹل مردم شماری پر وفاقی حکومت کو شکایات بھیجی ہیں، اس طرح کی ناقص ڈیجیٹل مردم شماری ہمیں قبول نہیں، تحفظات دور نہ کیے گئے تو سندھ اس معاملے میں وفاقی حکومت کا ساتھ نہیں دے گا، سندھ کے عوام پر ڈاکہ مارنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کرتےہوئے بلاول نے کہا کہ سیاسی چوہا زمان پارک میں کسی بستر کے نیچے چھپا ہوا ہے، یہ چوہا گرفتاری سے بچنے کیلئے چھپا ہوا ہے، میڈیا یہی دکھا رہا ہے کہ چوہے کی ٹانگ میں درد ہے، چوہا ادھر سے ادھر بھاگا ہے۔
انھوں نے کہا کہ میڈیا کو چاہیے کہ سیاسی چوہے کے بجائے عوام کے مسائل کی کوریج پر فوکس کرے۔
Comments are closed on this story.