Aaj News

ہفتہ, جنوری 11, 2025  
10 Rajab 1446  

رانا ثنا، شہباز اور ڈرتی ہیری مجھے قتل کرانا چاہتے ہیں، عمران خان

ان تین کے علاوہ ایک اور بھی ملوث ہے، چیئرمین پی ٹی آئی
شائع 05 مارچ 2023 04:47pm
اسکرین گریب/آج نیوز
اسکرین گریب/آج نیوز

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ رانا ثنا، شہباز، اور ڈرتی ہیری مجھے قتل کرانا چاہتے ہیں، ان تین کے علاوہ ایک اور بھی ملوث ہے۔

زمان پارک میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ میں کبھی بھی کسی انسان یا ادارے کے سامنے نہ جھکا ہوں اور نہ ہی اپنے عوام کو جھکنے دوں گا، سب کو اس لئے دعوت دی کہ جس جذبے اور جنون کے ساتھ آپ نے جیل بھرو تحریک میں شرکت کی، 26 سالہ سیاسی جدوجہد آپ کا جنون جو دیکھا تو اللہ کا شکر ادا کیا کہ ایک ہجوم کو قوم بنتے دیکھ رہا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ یاد رکھیں پاکستان کو چور اور ڈاکو جہاں لے گئے ہیں وہاں صرف ایک قوم مقابلہ کرسکتی ہے جب قوم فیصلہ کرلیتی ہے کہ جو بھی ہمارے سامنے آئے تو ہم وہ رکاوٹ دور کردیں گے تو ان کے سامنے کوئی کھڑا نہیں ہوسکتا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ غلام قوم کوئی بڑا کام نہیں کرسکتی، صرف آزاد قوم ہی بلندی تک جاسکتی ہے، ہمارے نبی نے مدینہ کی ریاست بنا کر ثابت کیا، ہماری جنگ بھی حقیقی آزادی کی جنگ ہے، پاکستان کا بدترین وقت ہے، معیشت ڈوب گئی ہے، غریب مہنگائی میں پس گیا ہے، جن لوگوں نے مسلط ہوکر اس ملک کو تباہ کیا ہے ان کے پیسے باہر پڑے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارا ملک نیچے کیوں چلا گیا، اور رسوا ہورہا ہے، کیوں کہ کرائم منسٹر پیسے مانگ رہا ہے اور اسے ہر ایک ٹھکرا رہا ہے، دنیا کا میڈیا ہمیں ذلیل کررہا ہے، پاکستان کبھی اتنا نیچے نہیں گیا جتنا آج ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہمارا وزیراعظم جسے 16 ارب روپے کے کیس میں سزا ہونے والی تھی، اسے جنرل باجوہ نے بچالیا، وزیرداخلہ کے حوالے سے فیصل آباد میں جاکر پوچھ لیں اس سے بڑا بدمعاش کوئی نہیں، اس کا اپنا وزیر کہتا ہے کہ اس نے 18 قتل کئے۔ آصف زرداری پیچھے سے بیٹھ کر کھیل کھیل رہا ہے، وہ سب سے بڑا چور ہے، مرتضیٰ بھٹو کی فیملی کہتی ہے کہ اسے زرداری نے قتل کرایا، چور قاتل ہونے کے علاوہ اربوں روپے کا چور ہے، ایک اور جو لندن میں بیٹھا ہوا جو اربوں روپے پاکستان سے لے کر گیا، وہ ملک کے فیصلے کررہا ہے،جب ملک کے فیصلے کرنے والے چور کریں گے تو ملک کا دیوالیہ ہی نکلے گا، ہم نے ان کے خلاف جہاد لڑنا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جب قوم ایسے لوگوں کے خلاف کھڑی نہیں ہوتی اور اس میں ظالم کے خلاف لڑنے کی سکت نہیں ہوتی تو وہ قوم بھیڑ بکری اور غلام بن جاتی ہے، کوفہ کے لوگوں کو پتہ تھا کہ امام حسین حق پر ہیں لیکن یزید کے ظلم کے خوف کی وجہ سے انہوں نے اتنا بڑا ظلم ہونے دیا، یہی خوف کو بت انسان کو غلام بناتا ہے، جو اس کی پوجا کرتا ہے وہ غلام بھی ہوتا ہے ذلیل بھی ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج پوری دنیا میں پاکستان ذلیل ہورہا ہے، بھکاریوں کی طرح پیسے مانگ رہے ہیں لیکن کوئی نہیں دے رہا، کیوں کہ دنیا کو پتہ ہے کہ ان کے ملک پر جو مسط ہیں وہ چور اور ڈاکو ہیں، اور ان کا اربوں روپیہ باہر پڑا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ میں جب وزیراعظم تھا اور کسی دوسرے ملک کا وزیراعظم آتا تھا تو مجھے میرے آفس سے پوری تفصیل دی جاتی تھی، اور مجھے بتایا جاتا تھا کہ جو آیا ہے اس نے ماضی میں کیا کیا اور یہ کیسا بندہ ہے، اسی طرح جب آصف زرداری اور شہبازشریف باہر جاتے ہیں تو انہیں بھی ایک ایک چیز پتہ ہوتی ہے کہ ان کے کتنے پیسے باہر پڑے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ یہ دو خاندان اگر اپنا آدھا پیسہ بھی ملک میں لے آئیں تو ہمیں کسی آئی ایم ایف یا کسی سے قرض لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی، اپنا پیسہ چوری کرکے بیرون ملک لے گئے اور لوگوں سے بھیک مانگ رہے ہیں کہ پاکستان کو ڈالر دو۔

عمران خان نے کہا کہ جب سے یہ حکومت آئی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 100 روپے کی کمی ہوئی، تو قوم سو روپے سے زیادہ غریب ہوگئی ہے، اور ان کے ڈالر مزید مہنگے ہوگئے ہیں، ان کا مقصد کبھی بھی پاکستان نہیں تھا، ورنہان کا جینا مرنا پاکستان میں ہوتا، ان کے نام ای سی ایل میں جائیں تو ان کی ٹانگیں کانپتی ہیں کہ ہم پاکستان سے باہر نہیں جاسکیں گے، میں کہتا ہوں مجھے ای سی ایل میں ڈالیں، میں تو باہر جانا ہی نہیں چاہتا۔

عمران خان نے کہاکہ اسحاق ڈار ن لیگ کی حکومت میں باہر بھاگا، نوازشریف کے 2 بیٹے ن لیگ کی حکومت میں باہر بھاگے، مریم کے بھائی نے ٹی وی پر تسلیم کیا کہ مریم کے لندن میں فلیٹ ہیں، مریم ایسی پھرتی ہے جیسے ملکہ ایلزیبتھ، اسے پورا سرکاری پروٹوکول ملتا ہے، جب کہ ایک سابق وزیراعظم ہے جس پر قاتلانہ حملہ ہوا، رانا ثنا، شہباز، اور ڈرتی ہیری مجھے قتل کرانا چاہتے ہیں، ان تین کے علاوہ ایک اور بھی ملوث ہے، عدالتوں میں کوئی سیکیورٹی نہیں، یہ مجھے جان سے مروانا چاہتے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ خود وزارت خارجہ کہہ رہی ہے عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، میں کہہ رہا ہوں کہ میری جان کو خطرہ ہے، مجھ پر اب تک 74 کیسز بنا چکے ہیں، میں گھر بیٹھا ہوں اور مجھ پر دہشتگردی کا کیس کردیا گیا، مجھے مزاحیہ کیسز پر بلایا جارہا ہے، توشہ خانہ کیس کی اوپن سماعت ہونی چاہئے، تاکہ لوگوں کو پتہ چلے کہ میں نے کیا کیا۔

عمران خان نے کہا کہ نوازشریف جیل میں تھا تو ہمیں حکم آیا، کہا گیا اسے کچھ ہوا تو آپ ذمہ دار ہیں، جب کہ مجھے کوئی سیکیورٹی نہیں دی گئی، مجھے جنہوں نے تحفظ دینا ہے انہی سے خطرہ ہے، رانا ثنا جیسا غنڈہ کسی کو تحفظ نہیں دے سکتا، شہبازشریف نے پولیس مقابلے میں بہت لوگ مروائے، عابد باکسر اور ماڈل ٹاؤن کے کیسز سامنے ہیں، ڈرٹی ہیری سائیکو پیتھ ہے، یہ نارمل آدمی نہیں ہے، اپنی سیکیورٹی کے حوالے سے چیف جسٹس کو لکھوں گا۔

imran khan

Imran Khan Arrest