Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کو گرفتار کیا تو پورا ملک جام کردیں گے، اسدقیصر

ایسا احتجاج ہوگا جو پاکستان میں کبھی نہیں ہوا ہوگا، فواد چوہدری
اپ ڈیٹ 05 مارچ 2023 07:08pm

قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی اۤئی) کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کررہی ہے، پولیس نے اگر پارٹی چیئرمین کو گرفتار کیا تو پورے ملک کو جام کردیں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے توشہ خانہ کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری ہیں اور زمان پارک میں کپتان کی گرفتاری روکنے کےلئے کارکنوں نے ڈیرے ڈال لیے ہیں۔

سابق اسپیکر اور پی ٹی اۤئی رہنما اسد قیصر نے بھی وفاقی حکومت کو ملک کے کونے کونے کو جام کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔ ویڈیو پیغام میں انھوں نے کارکنوں کو تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے گزشتہ روز اپنے خطاب میں قومی یکجہتی کا پیغام دیا۔

انھوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ملک کو سیاسی بحران سے نکالنے کےلئے روڈ میپ دیا۔ جس پر حکومت کو مثبت ردعمل دینا چاہیے تھا لیکن انھوں نے ایسا نہیں کیا بلکہ حکومت اپنی ضد اور انا سے باہر نہیں اۤرہی۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت کو یہ یقین ہوگیا ہے کہ الیکشن میں انھیں شکست ہوگی اس لئے حکومت جائز و ناجائز حربے استعمال کررہی ہے۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ حکومت نے منفی حربے جاری رکھے تو اس کی ذمے داری وزیراعظم شہباز شریف اور امپورٹڈ حکومت پر ہوگی۔

سابق اسپیکر کا کہنا تھا کہ ہم نے کوشش کی کہ سیاسی دباؤ کم کرنے کا ماحول بنے لیکن اس کے باجود منفی رویہ اپنایا گیا اگر جنگ چاہتے ہیں تو ہم جنگ کےلئے بھی تیار ہیں۔

اسد قیصر سے قبل زمان پارک کے باہر شاہ محمود قریشی کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس کا مقصد وارنٹ ایگزیکیوٹ کرانا تھا، ہم نے لکھ کر دے دیا ہےکہ عمران خان تمام احکامات پر عمل کریں گے، لیکن 50 روپے کے ایفی ڈیوٹ پر بھاگنے والے کو بھی وطن واپس بلانا چاہئے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کسی انسان کے لیے ممکن نہیں کہ وہ اتنے کیسز میں پیش ہو، پاکستان کے آئین کو ڈبونے کی کوشش کی جارہی ہے، یہ اس طرح کی حرکتوں سے امن و امان کا مسئلہ پیدا کرنا چاہتے ہیں، حکومت پی ٹی آئی کے کارکنوں کو اشتعال دلانا چاہتی ہے، یہ چاہتے ہیں کہ فسادات ہوجائیں تاکہ الیکشن نہ ہوں۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم عدالتوں سے قانون کے مطابق ڈیل کررہے ہیں، لیکن یہ چاہتے ہیں کہ عمران خان عدالت آئیں اور ان کے اپنے بنائے دہشتگرد ان کی جان لے سکیں، انہیں معلوم ہے کہ عمران اقتدار میں آئے گا تو ان کی لوٹ مار کا حساب ہوگا، شاہ محمود کے ساتھ جیل میں جو سلوک کیا سب کے سامنے ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اپنے قائد کی حفاظت کیلئے یکسو ہے، پی ٹی آئی کارکن تیاری رکھیں، عمران خان کو گرفتار کیا تو ملک بھر میں احتجاج کی کال دیں گے، ایسا احتجاج ہوگا جو پاکستان میں کبھی نہیں ہوا ہوگا۔

شاہ محمود قریشی

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کارکن حوصلہ رکھیں، ہم نے نوٹس موصول کرلیا ہے، نوٹس میں کوئی گرفتاری کا آرڈر نہیں ہے، ہم اپنے وکلاء سے مشورہ کریں گے، بلاوجہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، عمران خان سے مشاورت کے بعد اپنا ردعمل دیں گے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جب بھی طلب کیا گیا وہ پیش ہوئے، لیکن ان کی جان کو خطرہ تھا اور خطرہ ہے، عین ممکن ہے ایک قاتلانہ حملے کا منصوبہ بنایا جارہا ہو، چئیرمین کی حفاظت کے لیے ہم نے لائحہ عمل مرتب کیا ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ کل عمران خان کےخطاب میں جارحیت نہیں تھی، انہوں نے یکجہتی کی بات کی، اور کہا کہ وہ سیاسی گفتگو اور سمجھوتے کیلئے تیار ہیں۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ عقل کے اندھے زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں، قوم کو تو مرہم درکار ہے، معیشت ڈاما ڈول ہوچکی ہے، آپ کو اپنی سوچ کا انداز بدلنا ہوگا، پاکستان ایک معاشی بحران سے گزر رہا ہے، ہم نے مل کر کردار ادا کرنا ہے، عمران خان نے بتادیا کہ میرے مفاد سے ملک کا مفاد بڑا ہے، ہم برج بلڈنگ کی کوشش کرنا چاہیں گے۔

pti

Shah Mehmood Qureshi

imran khan

Fawad Chaudhary

Imran Khan Arrest