Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد چیئرمین نیب تعینات

وزارت قانون نے سمری کابینہ کو بھجوا دی
اپ ڈیٹ 04 مارچ 2023 11:43pm
فائل ــ فوٹو
فائل ــ فوٹو

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیراحمد کو قومی احتساب بیورو (نیب) کا چیئرمین تعینات کردیا گیا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیراحمد کو چیئرمین نیب تعینات کردیا گیا ہے، وزارت قانون نے نذیر احمد کی تعیناتی کی سمری کابینہ کو بھجوا دی ہے۔ وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کے بعد لیفٹیننٹ جنرل نذیراحمد ریٹائرڈ کے نام کا انتخاب کیا ہے۔

لیفٹنٹ جنرل (ر) نذیراحمد کی چیئرمین نیب تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے چیئرمین نیب کی تعیناتی کی سمری کی سرکولیشن کے ذریعے منظوری دی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کی بطور چیئرمین تعیناتی 3 سال کے لیے ہو گی۔

سابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان کے عہدے سے مستعفی ہونے کی وجہ سے چیئرمین نیب کی نشست خالی تھی۔ ذرائع کے مطابق آفتاب سلطان کو اۤزادانہ کام نہ کرنے دینے پر تحفظات تھے اس لئے وہ مستعفی ہوگئے تھے۔

21 فروری کو سابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے ذاتی وجوہات کی بناء پر استعفیٰ دے دیا تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین نیب کا استعفیٰ منظور بھی کر لیا تھا۔

وزارت قانون کی جانب سے آفتاب سلطان کے استعفے کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ جس میں آفتاب سلطان کا استعفیٰ 15 فروری سے منظور کیا گیا۔

مستعفی ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے کہا تھا کہ مجھے کچھ چیزوں کے بارے میں کہا گیا جو مجھے قبول نہیں تھیں۔ میں شرائط کےساتھ کام جاری نہیں رکھ سکتا اس لئے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔

NAB

Chairman NAB