Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
17 Jumada Al-Akhirah 1446  

گھر کا بھیدی لنکا ڈھائے، چار کارٹنز میں موجود کروڑوں کا کیش معمولی پیٹی تک کیسے پہنچا

رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کا ڈراپ سین۔
شائع 04 مارچ 2023 05:46pm
تصویر بزریعہ بلومبرگ
تصویر بزریعہ بلومبرگ

کراچی کے علاقے بہادر آباد میں رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کا ڈراپ سین ہوگیا، پولیس نے ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں پونے چھ کروڑ روپے لوٹنے والوں کو گرفتار کرلیا۔

28 فروی 2023، کراچی کے ایک بزنس مین راحیل عبدالغفار رات تقریباً 11 بجے بہادر آباد میں واقع اپنے دفتر سے نکلے، ان کے ساتھ ان کا ڈرائیور بھی موجود تھا۔

گاڑی طارق روڈ پر موجود ناہید سپر اسٹور کے قریب واقع کیریمل بیکری تک پہنچی تو ایک نامعلوم کار نے انہیں اوور ٹیک کیا اور رکنے پر مجبور کردیا۔

اس نامعلوم کار میں دو لوگ سوار تھے، جبکہ مزید دو موٹر سائیکلیں بھی وہاں آکر رکیں جن پر ایک ایک شخص سوار تھا۔

مسلح ملزمان نے ڈرائیور اور راحیل کو اسلحے کے زور پر گاڑی سے اتارا اور ان کی گاڑی چھین لی۔ راحیل کی گاڑی کی ڈگی میں چار کارٹن موجود تھے، جن میں 5 کروڑ 94 لاکھ روپے کی مجموعی اور بھاری رقم موجود تھی۔

ملزمان جاتے جاتے راحیل کا موبائل فون بھی ساتھ لے گئے۔

واقعے کا مقدمہ بہادرآباد تھانے میں پیشے کے لحاظ سے بلڈر راحیل کی مدعیت میں دفعات 397/34 کے تحت درج کیا گیا۔

واقعے کی تفتیش شروع ہوئی، سی سی ٹی وی فوٹیجز چیک کی گئیں، بیانات لئے گئے۔

سینئیر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) شرقی زبیر نذیر شیخ نے بتایا کہ کروڑوں کی چوری میں گھر کا بھیدی ملوث تھا۔

دوران تفتیش پولیس نے بلڈر راحیل کے ڈرائیور بختیار کو مشکوک پایا۔

ڈرائیور سے تفتیش کی گئی تو اس نے حقیقت اُگل دی۔ دورانِ تفیش ڈرائیور کے اعتراف اور معلومات پر ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے کراچی اور حیدرآباد میں تابڑ توڑ ایکشن شروع کیا۔

ایس ایس پی زبیر نذیر شیخ نے بتایا کہ ان کارروائیوں میں ڈکیتی میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 3 کروڑ برآمد کرلئے گئے۔

زبیر نذیر شیخ نے بتایا کہ مالک کو گاڑی میں رقم رکھتا دیکھ کر ڈرائیور کی رال ٹپک پڑی تھی، ڈرائیور بختیار نے مخبری کی، جس پر ڈکیتی ہوئی، ڈرائیور کی جانب سے ساتھیوں کو رقم اور گاڑی کے حوالے سے مکمل تفصیلات فراہم کی گئی تھیں۔

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق بلڈر راحیل کے ڈرائیور کی انفارمیشن پر مرکزی ملزم سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے ڈکیتی کے بعد آپس میں رقم تقسیم کرلی تھی، ملزمان نے چھ کروڑ کی رقم تین ہزار کی پیٹی میں چھپا رکھی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ بقیہ رقم کی برآمدگی کیلئے ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔

karachi

Robbery

Bahadurabad Robbery