Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سندھ میں آٹا بحران کا خدشہ ٹل گیا، حکومت کے فلور ملز سے مذاکرات کامیاب

فلورملزایسوسی ایشن کاہڑتال ختم کرنے کااعلان
شائع 03 مارچ 2023 09:02pm

وزیر خوراک سندھ کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے دو روز سے ہڑتال کے باعث 92 ملز بند کردی گئی تھیں، اور شہر میں آٹے کے شدید بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا، تاہم وزیرخوراک سندھ اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے مابین ہونے والے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔

فلورملز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے باعث کراچی کی 90 سے زائد فلورملیں بند

چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ چوہدری عامر نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت سندھ نے فروری کیلئے گندم کا کوٹہ جاری کردیا ہے، جب کہ حکومت کی ناقص گندم کوکوٹے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سرکاری نرخ پر گندم دستیاب نہیں، خراب اور گندم کا پورا کوٹہ ديئے بغيرسرکاری ريٹ پر آٹا فروخت کرنے کا کہا جارہا ہے، جو بلیک میلنگ ہے۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں آٹے کی قلت کا خدشہ

صدر فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ گندم 120 روپے میں مل رہی ہے، تو آٹا 95 روپے میں کیسے فروخت کریں، جب کہ سرکاری ریٹ پر ملنے والی گندم 10 فیصد بھی نہیں مل رہی۔ ایک طرف حکومتی کوٹے کی گندم کہیں بھی دستیاب نہیں، اور دوسری جانب فلور ملز کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

صدر فلور ملز ایسوسی ایشن نے کہا کہ گندم کی عدم دستیابی اور احتجاج کے طور پر کراچی کی تمام 92 فلار ملز مکمل طور پر بند ہیں، جب کہ شام تک سندھ کی تمام 180 ملز بند ہو جائیں گی، ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت گندم کی فراہمی یقینی بنائے یا فوری کارروائیاں بند کی جائیں۔

karachi

Flour Shortage

flour mills