32 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ
ملک میں 32 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور مہنگائی کی مجموعی شرح 41 اعشاریہ 07 فیصد کی ریکارڈ سطح پر برقرار ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمارجاری کردیئے ہیں، جس کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.30 فیصد کمی ہوئی ہے، تاہم مہنگائی کی مجموعی شرح 41.07 فیصد کی ریکارڈ سطح پر برقرار ہے۔
ادارہ شمارت کے مطابق حالیہ ہفتے 51 اشیائے ضروریہ میں سے 32 کی قیمتوں میں اضافہ، 9 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 10 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے برینڈڈ کونگ آئل 46 روپے مہنگا ہوا اور ٹوٹا چاول کی قیمت میں فی کلو تین روپے کا اضافہ ہوا، 20 کلو آٹے کی قیمت 16 روپے بڑھی، چینی کی فی کلو قیمت میں 1.50 روپے کا اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق تازہ دودھ 2 روپے فی کلو مزید مہنگا ہوگیا، دال مونگ 3روپے اور دال مسور و ماش ایک روپے سے زائد مہنگی ہوئی، جب کہ فی درجن کیلے 12 روپے مہنگے ہوئے، چائے کی 190 گرام پتی کی قیمت میں 8 روپے کا اضافہ ہوا، جب کہ سگریٹس، نمک، سرسوں کا تیل، آگ جلانے والی لکڑی بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے پیاز کی فی کلو قیمت میں 22 روپے کی کمی ہوئی، انڈے فی درجن 16 روپے، لہسن 15 روپے فی کلو اور ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 1.26 روپے کمی ہوئی، جب کہ دال چنا اور آلو بھی سستی ہونے والی اشیا میں شامل ہے۔
Comments are closed on this story.