Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسموگ تدارک کیس میں چیئرمین پلاننگ کمیشن کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

نگراں وزیراعلیٰ کو کلمہ چوک انڈر پاس کا افتتاح کرنے کی کیا جلدی تھی، عدالت
شائع 03 مارچ 2023 12:43pm
لاہور ہائیکورٹ
لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ تدارک کیس میں چیئرمین پلاننگ کمیشن کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے چیف سیکرٹری اور چیئرمین پی اینڈ ڈی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ نگراں وزیراعلیٰ نے کلمہ چوک انڈر پاس کا افتتاح کیا، انہیں اس کا اختیار نہیں ہے، انہیں افتتاح کرنے کی کیا جلدی تھی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے تدارک کے لئے دائر درخواستوں پر شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ شہر لاہور میں مختلف مقامات پر درخت کاٹے جا رہے ہیں، پہلے ترقیاتی منصوبے مکمل نہیں ہوئے جبکہ نئے شروع کئے جا رہے ہیں،فصلوں کی باقیات جلانے کے لئے عدالت نے فنڈ جاری کرنے کے احکامات دیے مگر ان پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔

عدالت نے محکمہ واپڈا کو لاہور میں درخت کاٹنے سے روکتے ہوئے ریمارکس دیے کہ درخت کاٹنے والوں کو جیلوں میں ڈالوں گا،کلمہ چوک انڈر پاس کا نگراں وزیر اعلیٰ نے افتتاح کیا جو نگراں وزیر اعلیٰ کا اختیار نہیں ہے،ان کو اتنی جلدی افتتاح کرنے کی کیا پڑی تھی، ابھی تو کلمہ چوک انڈر پاس زیر تعمیر ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ پی ایس ایل کے میچز، انڈر پاسز اور دیگر تعمیراتی پروجیکٹس کی وجہ سے شہر میں ٹریفک جام رہتی ہے،کیا ایل ڈی اے ٹریفک جام چاہتی ہے کہ شہری گاڑیوں میں مر جائیں۔

لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی کہ رمضان المبارک میں بیکریوں کو بند کرنے کے وقت میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا جائے، جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔

عدالت نے فصلوں کی باقیات سے متعلق جدید مشینری کے بجٹ کو روکنے پر چیئرمین پلاننگ کمیشن پر توہین عدالت کاروائی کا آغاز کرتے ہوئے شو کاز نوٹس جاری کر دیے ۔

لاہور ہائیکورٹ نے چیف سیکرٹری پنجاب اور چیئرمین پی اینڈ ڈی کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

Lahore High Court

Contempt of Court

justice shahid kareem

smog case

chairman planning commission