Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

آپ نے ملک کو معاشی بدحالی میں دھکیلا، مریم نواز کی عمران خان پر تنقید

پی ڈی ایم حکومت میں روپے کا قتل عام جاری ہے،عمران خان
اپ ڈیٹ 02 مارچ 2023 08:22pm
فائل ــ فوٹو
فائل ــ فوٹو

مسلم لیگ (ن) کی چیف اۤرگنائز اور سینئر نائب صدر مریم نواز اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان میں لفظی جنگ جاری ہے۔ ملکی معاشی صورتحال پر کپتان نے پی ڈیم ایم حکومت کو اۤڑے ہاتھوں لیا تو مریم نواز نے بھی بھرپور جواب دیا۔

مسلم لیگ کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے مہنگائی سے متعلق ٹوئٹ کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو جواب دیا۔

عمران خان نے بذریعہ ٹویٹ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ پی ڈی ایم حکومت میں روپے کا قتل عام جاری ہے، گیارہ ماہ میں روپے میں باسٹھ فیصد کمی ہوئی، اس عرصے میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک سو دس روپے گرا، مہنگائی پچھتہر سالہ تاریخ کی بلند ترین سطح اکتیس عشاریہ پانچ فیصد پر پہنچ گئی، پاکستان کےعوام حکومت کی تبدیلی کی بھاری قیمت ادا کررہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان کو جواب دیتے ہوئے مریم نواز نے ردعمل میں لکھا کہ آپ کا بڑا حوصلہ ہے کہ اپنی دی ہوئی مہنگائی پر تنقید کر رہے ہیں، آپ ان پر تنقید کر رہے ہیں جو آپ کی ظالمانہ پالیسیوں کو درست کرنے میں مصروف ہیں۔

مریم نواز نے لکھا کہ آپ کی لوٹ مار، نااہلی اور ظالمانہ ڈیل نے ملک کو یہ دن دکھائے، آپ نے آئی ایم ایف کے ساتھ ظالمانہ ڈیل کر کے پھر خلاف ورزی کی، آپ نے ملک کو معاشی بدحالی میں دھکیلا، اب سکون سے بیٹھیں ہیں۔

عمران خان پر طنز کرتے ہوئے مریم کا کہنا تھا کہ ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا نہ بھولیں جنہوں نے آپ کو چار سال تک چنا اور کھلایا، ساتھ ہی عدلیہ میں ان کے اثر و رسوخ کی باقیات کا بھی جن پر آپ اب انحصار کر رہے ہیں، اب ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے آئی ایم ایف کے مطالبے پر شرح سود میں 3 فیصد اضافہ کیا، جس کےبعد ملک میں شرح سود 20 فیصد پر پہنچ گئی جبکہ انٹر بینک میں ڈالر کی قدر بھی 18روپے 97 پیسے بڑھ کر ریکارڈ 285 روپے 8 پیسے ہوگئی۔

imran khan

dollar prices

Pakistan Inflation